موبائل فون کال پر چمک اٹھنے والے اسمارٹ ناخن تیار
ٹوکیو(این این آئی)جدید ٹیکنالوجی کی برق رفتار ترقی حضرتِ انسان کو نت نئے اور اچھوتے تخیلات کے ساتھ ایسے آلات سے بھی متعارف کرا رہی ہے جن کے استعمال سے روز مرہ زندگی زیادہ آسان ہو گئی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق جاپانی کمپنی”تاکارا“نے حال ہی میں مصنوعی ناخن تیار کیے ہیں جو موبائل پر کسی کی فون کال آنے پر خود بہ خود چمک اٹھتے ہیں۔ تاہم یہ اسمارٹ ناخن صرف اسمارٹ فونز ہی کے لیے کارآمد ہو سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق جاپانی کمپنی کے تیار کردہ اسمارٹ ناخن کسی بیٹری یا پاور سپلائی کے بغیر near field communicationٹکنالوجی کے ذریعے اس وقت کام کرتے ہیں جب انہیں اسمارٹ فون سیٹ کے ساتھ مربوط کیا جاتا ہے۔ اسمارٹ ناخن موبائل فون پر کسی کی کال آنے یا فون کرتے وقت خود بہ خود روشن ہو جاتے ہیں۔فی الوقت اسمارٹ ناخن کا اینڈو رائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ مربوط ہیں۔
یہ زیادہ مہنگے بھی نہیں، کوئی بھی شخص محض 12 ڈالر میں 16 اسمارٹ ناخن خرید کر سکتا ہے۔تاکارا کمپنی کی خاتون ترجمان میسا آروجا کا کہناتھا کہ اسمارٹ ناخن جاپان میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں سب میں یکساں طور پر مقبول ہو رہے ہیں۔ کمپنی اب اسمارٹ ناخنوں کی برطانیہ اور امریکا میں بھی مارکیٹنگ کا ارادہ رکھتی ہے۔