ڈی سی او کے مختلف رمضان بازاروں کے دورے،معیار چیک کیا

ڈی سی او کے مختلف رمضان بازاروں کے دورے،معیار چیک کیا

  

لاہور(کامرس رپورٹر)ڈی سی او کیپٹن (ر)محمد عثمان نے گزشتہ روز شادمان، مکہ کالونی،جلوموڑ، چونگی دوگیج، ہربنس پورہ اور اسلامپورہ رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔ڈی سی او لاہور نے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور کوالٹی کو چیک کیا اور عوام الناس سے بھی اشیاء خوردنوش کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے رمضان بازاروں میں صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے انتظامات کو بھی چیک کیا علا وہ ازیں کیپٹن (ر)محمد عثمان نے خود فیلڈ میں جا کر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پوری طرح متحرک ہیں اور گراں فروشوں،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھر پور کریک ڈا ؤن جا ری رکھے ہوئے ہے انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی شہر میں گرانفروشی ،ذخیرہ اندوزی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ علاوہ ازیں ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے رات گئے سبزی و فروٹ منڈی بادامی باغ کا دورہ کیا اور وہاں پر سبزیوں و پھلوں کی نیلامی کے عمل کی نگرانی کی۔انہوں نے منڈی میں آنے والی سبزیوں و پھلوں کے معیار کو بھی چیک کیا۔دریں اثناء ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران ریسٹورنٹ اور ہوٹل کھلے رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے احترام رمضان آرڈیننس 1981ء کی خلاف ورزی کرنے پر راوی روڈ کے ملک ہوٹل اور راوی ہو ٹل جبکہ ریلوے روڈ کے چوہدری ہو ٹل اور مائی دا ہو ٹل کے خلاف کارروائی کر تے ہوئے17 افراد کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -