برازیل 12 سال بعد کولمبیا کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئے

برازیل 12 سال بعد کولمبیا کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئے

  

                   فورٹالیزا (اے این این ) برازیل نے 12 سال بعد ورلڈ کپ فٹ بال کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی کوارٹر فائنل میں کولمبیا کو 2-1 سے شکست کولمبیا کی ٹیم گول کرنے کے متعدد مواقعوں سے فائدہ نہ اٹھا سکی ¾ ¾ سیمی فائنل میں برازیل کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق برازیل نے فٹ بال کے 20ویں ورلڈ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں کولمبیا کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔برازیلی ٹیم 12 برس کے وقفے کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس نے آخری سیمی فائنل 2002 کے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا۔فورٹالیزا میں جمعے کی شب کھیلے جانے والے کوارٹر میچ میں برازیل کی ٹیم نے اس کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی توقع میدان میں موجود ہزاروں مداحوں کو اس سے تھی۔اس ٹورنامنٹ میں برازیل کی کارکردگی پر انگلیاں اٹھائی جا رہی تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ وہ ایک ٹیم کی طرح کھیلنے کی بجائے صرف اپنے سٹار سٹرائیکر نیمار پر بھروسہ کر رہی ہے۔تاہم اس میچ میں آغاز سے ہی برازیل نے مخالف گول پر حملے شروع کر دیے جس کا نتیجہ ساتویں منٹ میں نیمار کی کوشش سے ملنے والے کارنر کی شکل میں نکلا۔اس کارنر پر نیمار کی کک پر کپتان تیاگو سلوا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔برتری حاصل کرنے کے بعد بھی برازیل کا جارحانہ کھیل جاری رہا اور اس نے کولمبین گول پر متعدد اچھے حملے کیے۔کولمبیا کے گول کیپر اوسپینا کے عمدہ کھیل کی وجہ سے برازیل پہلے ہاف میں مزید کوئی گول نہ کر سکا۔کولمبیا کو اس ہاف میں گول کرنے کے دو اچھے مواقع ملے مگر ان سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔66ویں منٹ میں کولمبیا کے نے گیند برازیلی گول میں پہنچا دی لیکن لائن مین پہلے ہی کولمبین کھلاڑی کو آف سائیڈ قرار دے چکے تھے اور یوں یہ گول مسترد کر دیا گیا۔کولمبیا کے اس حملے کے جواب میں برازیلی موو پر مخالف کھلاڑی کو گرانے پر کولمبیا کے جیمز رادریگز کو پیلا کارڈ ملا اور اس فال پر ملنے والی فری کک پر 68 ویں منٹ ڈیوڈ لوئیز نے گول کر کے برازیل کی برتری دگنی کر دی۔میچ کے 77ویں منٹ میں برازیل کیپر ژولیو سیزر نے کولمبین کھلاڑی کو برازیلی ڈی میں گرایا تو ریفری نے کولمبیا کو پنلٹی دی جس پر گول کر کے جیمز رادریگز نے خسارہ کم کیا۔اس گول کے ساتھ ہی رادریگز ورلڈ کپ کے لگاتار پانچ میچوں میں گول کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ ان سے قبل 2002 کے ورلڈ کپ میں برازیل کے ریوالڈو نے یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔رادریگز اب چھ گولوں کے ساتھ اس ورلڈ کپ کے ٹاپ سکورر ہیں۔ ان کے گول کے بعد کولمبیا کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی کوششیں تیز کر دیں تاہم وہ ان میں کامیاب نہ ہو سکے اور فتح برازیل کے حصے میں آئی۔دوسرے ہاف میں برازیلی کپتان تیاگو سلوا کو ریفری نے کیپر کو گرانے پر پیلا کارڈ بھی دکھایا اور اب وہ سیمی فائنل کھیلنے والی برازیلی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔اس فتح کے نتیجے میں اب آٹھ جولائی کو سیمی فائنل میں برازیل کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا جس نے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس کو ایک گول سے ہرایا۔

 

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -