پانچ جولائی کی فوجی بغاوت سیاہ ترین واقعہ ہے،قاضی احمد سعید
لاہور(نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ آج کل ملک دہشت گردی اور انتہا پسندی کے باعث جن مسائل سے دوچار ہے ان کاتعلق 5 جولائی کی فوجی بغاوت سے ہے 5 جولائی جہاں پیپلز پارٹی کے لئے آج بھی سیاہ ترین دن ہے وہیں پاکستان کی تاریخ کے طویل ترین مارشل لا کے آغاز کا دن بھی ہے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گذشتہ 36 برس سے اس دن کو بطور یوم سیاہ منا رہی ہے پیپلز پارٹی نے اپنے بانی چیئرمین کو جنرل ضیا الحق کے ہاتھوں پھانسی پر لٹکائے جانے کا صدمہ آج تک نہیں بھلایا بھٹوز اور جیالوں کے لئے آج بھی ضیا الحق سب سے بڑا دشمن ہے۔بھٹو کی بے وقت موت سے پیپلز پارٹی اپنی قیادت سے محروم ہو گئی، آصف زرداری نے مفاہمتی سیاست پر عمل کرتے ہوئے حکومت بھی بنائی اور 5 سال بھی گزارے مگر پیپلز پارٹی کو جو نقصان اس دور میں پہنچا وہ پہلے کبھی نہیں پہنچا تھا پارٹی کو تین صوبوں میں نہ ہونے کے برابر نمائندگی ملی اور صرف سندھ تک یعنی ہوم گراﺅنڈ تک محدود ہو گئی پیپلز پارٹی کے قیام کو 46 سال ہو رہے ہیںذوالفقار علی بھٹو، بےنظیر بھٹو، مرتضیٰ بھٹو اور شاہنواز بھٹو کو اس عرصہ میں فطری موت نہیں ملی آمر نے اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے کلاشنکوف، ہیروئن اور مذہبی انتہا پسندی سمیت دیگر معاشرتی برائیوں کے جو بیج بوئے انہوں نے آج تناور درخت بن کر ہمارے معاشرے کو جکڑ رکھا ہے۔