تاجپورہ رمضان بازار ،اول درجے کے پھل اور سبزیاں غائب ،چینی کیلئے لمبی قطاریں
لاہور(لیاقت کھرل) ضلعی حکومت کی جانب سے تاجپورہ میں لگائے گئے رمضان بازار میں اول درجے کا پھل اور سبزیاں غائب ، لیبر افسر کے غائب ہونے پر ناپ تول کے پیمانوں میں گڑ بڑ، چینی کے لئے لمبی لائنیں، سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد کم ”پاکستان سروے“ میں پیاز اور بعض سبزیاں اول درجے کی فروخت کی جا رہی تھیں، مجموعی طور پر شہریوں نے رمضان بازاروں میں بہتر انتظامات پر حکومت کی کاوشوں کو سراہا تاہم شہریوں کی اکا دکا شکایات بھی سامنے آئیں اور شہر کے دیگر رمضان بازاروں میں تاجپورہ کے رمضان بازار میں بہتر انتظامات پائے گئے، سروے کے دوران شہریوں آمنہ بی بی، وقاص احمد، حاجی نوید احمد، اصغر خان، حاجی نعمت علی، حق نواز اور صغراں بی بی نے بتایا کہ رمضان بازار میں پیاز اور آلو اول درجے کے ہیں، بلکہ پیاز اور لہسن کی کوالٹی انتہائی بہتر تھی اور مارکیٹ و بازاروں کی نسبت کئی گناسستا اور معیاری پایا گیا۔ شہری اکبر علی، حاجی زیارت خان نے بتایا کہ سیب اور آم اول درجے کا نہیں بعض سبزیاں بھی کوئی خاص کوالٹی کی نہیں بشیر علی، اکبر علی، رانا حسن اور رانا انور نے بتایا کہ حکومت کا رمضان بازار لگانے کا ایک اچھا اور احسن اقدام ہے سکیورٹی انتظامات بھی بہتر ہیں بازاروں میں کھچا کھچ رش اور اوورچارجنگ سے بچنے کے لئے شہریوں کو رمضان بازاروں کا رخ کرنا چاہئے اس موقع پر چینی کے لئے شہریوں کی لمبی لائنیں دیکھنے میں آئیں جبکہ دکاندار سٹالز ہولڈرز کی ناپ تول کے دوران لوٹ مار اور صارفین(شہریوں) سے بدتمیزی کی شکایات بھی سامنے آئیں تاہم مجموعی طور پر انتظامیہ کی کاوشوں کو شہریوں نے سراہا رمضان بازار میں سکیورٹی اہلکاروں کے غائب ہونے پر لڑائی جھگڑے اور توتکرار کے واقعات پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا رمضان بازار میں صفائی کے انتظامات بھی بہتر تھے اور رمضان بازار میں آنے والے شہری کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر ڈاکٹروں کی ٹیمیں اور ریسکیو کے اہلکار بھی الرٹ پائے گئے اس حوالے سے رمضان بازار کے انتظامی افسر سید واجد شاہ نے بتایا کہ واک تھرو گیٹ اور لگانے سے سکیورٹی کے انتظامات میں بہتری آئی، سبزیاں اور پھل کی خود نگرانی کر رہا ہوں اکا دکا شکایات تو کوئی بڑی بات نہیں ہے تاہم تاجپورہ رمضان بازار کو صارفین کے لئے معیاری سستی اور بہتر ماحول میں خریداری کا مرکز بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔