سوئی گیس کے بلوں میں 30سے 70فیصدتک اضافے کا فیصلہ

سوئی گیس کے بلوں میں 30سے 70فیصدتک اضافے کا فیصلہ
 سوئی گیس کے بلوں میں 30سے 70فیصدتک اضافے کا فیصلہ

  

لاہور(لیاقت کھرل) گیس کے بلوں میں 30سے 70فیصد اضافہ کر کے صارفین کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اوگرا کے فیصلے سے گھریلو صارفین سب سے زیادہ متاثرہوں گے کمرشل اور صنعتی صارفین کو بھی اربوں روپے کا اضافی بوجھ ہر سال برداشت کرنا پڑے گا جبکہ گیس کمپنی کو سالانہ اربوں روپے اضافی حاصل ہوں گے۔ روزنامہ ”پاکستان“ کو گیس کمپنی کے ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق سوئی گیس کمپنی نے سی این جی کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کے بعد گھریلو صارفین کمرشل اور صنعتی صارفین کے بلوں میں بھی 30سے 70فیصد تک اضافہ کے لئے اوگرا کو سمری بھجوا دی ہے ۔جس کے تحت ایک عام صارف کے گیس بل میں 450روپے سے 1000تک کا اضافہ ہو گا سمری میں گیس کمپنی نے ٹیرف بھی بڑھانے کے لئے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے جس سے صارفین پر مزید بوجھ ڈالا جائے گا اور اس میں ٹیرف بڑھنے سے صارفین کے بلوں میں 1400 روپے تک بھی اضافی ڈالے جائیں گے۔ گیس کمپنی کے ذرائع کے مطابق گیس کمپنی کے 45لاکھ سے زائد صارفین سے 18 سے 20ارب روپے کی ماہانہ بلنگ کی جاتی ہے سب سے زیادہ تعداد گھریلو صارفین کی ہے اور اس میں ہونے والی بلنگ میں سے تقریباً 80فیصد بلنگ کی ریکوری کی جاتی ہے۔ گیس کمپنی کے ذرائع کے مطابق کمپنی کو گیس کی خرید اور فروخت میں اربوں روپے کے خسارہ کا سامنا بھی ہے۔ جو کہ صارفین کے بلوں میں ڈالا جاتا ہے۔ اس حوالے سے گیس کمپنی کے ایک اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے گیس کمپنی کو سالانہ 60سے65ارب روپے اضافی حاصل ہوں گے۔ گیس کمپنی کے افسر کے مطابق اس میں کم سے کم گیس استعمال کرنے والے صارف پر کم بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ تاہم کمرشل اور صنعتی صارفین کے گیس بلوں میں اضافہ زیادہ ہو گا۔جبکہ میٹر خراب ہونے پر ایک سال کے دوران آنے والے بل کے برابر اوسطاً جرمانہ ڈالا جانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ جس کے تحت عام صارف کا میٹر خراب ہونے پر اسے 18ہزار روپے سے 20ہزار روپے جبکہ مکرشل اور صنعتی صارفین سے ساڑھے سات لاکھ سے15لاکھ روپے تک اضافہ وصول کئے جائیں گے۔ گیس کمپنی کے اعلیٰ افسر کے مطابق اس سے گیس چوری کے رجحان میں کمی بھی واقع ہو گئی ہے۔ دوسری جانب گیس کمپنی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ گیس کمپنی نے مزید اربوں روپے اضافی وصول کرنے کے لئے ٹیرف کو بڑھانے کے لئے الگ سے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے اور اگست کے ماہ میں آنے والے گیس بل صارفین کو بھاری اضافی کے ساتھ ملیں گے۔ اس حوالے سے جی ایم گیس کمپنی جواد نسیم سید نے بتایا گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے فی الحال فیصلہ نہیں ہوا صرف سمری تیار ہوئی ہے تاہم گیس کی سیلز پرائس کے حوالے سے حکومت فیصلہ کرتی ہے۔

مزید :

لاہور -