منافع کے نام پر کسی کو عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی ،شہباز شریف

منافع کے نام پر کسی کو عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی ،شہباز شریف
 منافع کے نام پر کسی کو عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی ،شہباز شریف
کیپشن: pic

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیر ا ہے اور گزشتہ ایک برس کے دوران عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔صوبہ پنجاب کے عوام کو ماہ مقدس میں حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے تاریخی رمضان پیکیج کا اعلان کیاگیا ہے اورپنجاب حکومت نے عوام کو رمضان المبارک کے دوران رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں صرف سستے آٹے کی فراہمی کیلئے 5 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔ عوام کو منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے استحصال سے بچانے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال طریقے سے کام کررہی ہیں۔پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات اورسخت مانیٹرنگ کے باعث رمضان بازاروں میں عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ ،پھل اور سبزیاں وافرمقدار میں دستیاب ہیں اورلاکھوں عوام کی جانب سے رمضان بازاروں میں روزانہ سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ،پھلوں اورسبزیوں کی خریداری پنجاب حکومت کے رمضان پیکیج پر عوام کے بھر پور اعتماد کا اظہار ہے۔وہ ارکان اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران کے ایک وفد سے گفتگوکر رہے تھے،جنہوں نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے رائے ونڈ میں ملاقات کی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ارکان اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں معیاری اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا گیاہے تاکہ عوام کی بڑی تعداد میں ان سے مستفید ہوسکے۔رمضان المبارک کے دوران رمضان بازاروں میں سستے داموں فراہم کی جانے والی اشیاء کی وافر فراہمی کے حوالے سے جامع میکانزم تیار کیاگیا ہے۔ صوبائی وزراء ،منتخب نمائندے اورانتظامی افسران رمضان پیکیج کے تحت فراہم کی جانے والی معیاری اشیائے ضروریہ کا خود جائزہ لینے کے لئے خود رمضان بازاروں کے دورے کررہے ہیں اورعوام کو سستے داموں معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ عوام کی سہولت کے لئے صوبہ بھر میں 340سے زائد رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں۔ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ منافع کمانے کے نام پر کسی کو بھی عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی،یہی وجہ ہے کہ میں خودذاتی طورپر رمضان بازاروں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں اور رمضان پیکیج کی نگرانی کررہا ہوں۔ رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار پرسختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے ۔رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں اورنہ ہی عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی سستی یا کوتاہی برداشت کی جائے گی۔ حکومت رمضان المبارک کے دوران کسی کو بھی زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے کی اجاز ت نہیں دے گی ۔ مضان بازاروں کے حوالے سے معلومات اور مانٹیرنگ کا نظام وضع کردیا گیا ہے۔ عوام کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی فےئر پرائس شاپس کے ذریعے عوام کو سستے داموں پھل اورسبزیاں فراہم ہورہی ہیں۔انہوں نے اراکین اسمبلی اورمنتخب نمائندوں پر زوردیا کہ رمضان بازاروں کے زیادہ سے زیادہ دورے کرکے عوام کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیں اور عام آدمی تک رمضان پیکیج کے ثمرات کو یقینی بنائیں اور رمضان بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کی وافر فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ اگر کہیں کوئی شکایت سامنے آئے تو اس کے فوری ازالے کیلئے اقدامات کئے جائیں اورذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید :

صفحہ اول -