سعودی عرب, سرکاری عمارت میں محصور دو دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا
ریاض(آن لائن)سعودی عرب کے جنوبی علاقے شرورہ میں گزشتہ روز خود کو محصور کرنے والے دو دہشت گردوں نے ہفتے کو علی الصباح خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ذرائع نے 'العربیہ ڈاٹ نیٹ' کو بتایا کہ ہفتے اور جمعہ کے روز مارے جانے والے تمام دہشت گردوں کے نام کا اعلان ڈی این اے کا رزلٹ آنے کے بعد کر دیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑانے سے پہلے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں سے سخت مقابلہ کیا۔سعودی سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز القاعدہ کے چھے ارکان نے سعودی بارڈر سکیورٹی فورس پر حملہ کیا۔ حملہ ناکام بنانے کے لئے سعودی اہلکاروں نے فائرنگ کی جس سے تین دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سعودی سکیورٹی پر موجود انچارج اپنے دو ساتھیوں سمیت جھڑپ میں جاں بحق ہوگیا۔حملہ آور دہشت گردوں کے چوتھے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا، جس کا نام وزارت داخلہ کو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا۔ دو حملہ آور شرورہ کی سمت فرار ہو گئے، جنہوں نے بعد میں ایک سرکاری عمارت میں پناہ لے لی، سکیورٹی حکام نے عمارت کا محاصرہ کر لیا، جہاں ہفتے کی صبح دونوں نے خود کو دھماکا کر کے ہلاک کر لیا۔