میڈیا معاشرے کی اصلاح اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں کردار ادا کرے ، سراج الحق

میڈیا معاشرے کی اصلاح اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں کردار ادا کرے ، سراج ...

  

                                  لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے قومی میڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ معاشرے کی اصلاح اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے ، موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے یہ بات منصورہ میں مرکزی میڈیا سیل اور سوشل میڈیا کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ ملک کے اندر قانون اور میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔ مسلکی اور علاقائی تعصبات نے قوم کو ٹکڑوں میں تقسیم کر رکھاہے جو انتہائی افسوسناک ہے ۔ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان تعصبات کے خاتمے ، قانون اور میرٹ کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔ سراج الحق نے مزید کہاہے کہ مغربی میڈیا عالم اسلام پر یلغار کرکے اسلامی تہذیب و ثقافت کو تاخت و تاراج کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ قومی میڈیا کا فرض ہے کہ وہ اس چیلنج کا بھر پور جواب دے اور اسلامی تہذیب و اقدار کو اجاگر کرے ۔ انہوں نے میڈیا ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ جماعت اسلامی کے پیغام کو عام آدمی تک پہنچانے کے لیے میڈیا کے جدید ذرائع کا بھر پور استعمال کرے۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس ،قائم مقام سیکریٹری جنرل حافظ ساجد انور ،سیکریٹری اطلاعات امیر العظیم ،قیصر شریف ،محمد انور خان نیازی ،شمس الدین امجد و دیگر شریک تھے ۔

 سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -