شمالی وزیرستان سے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے نقل مکانی کرنے کا اندازہ نہیں تھا: عمران خان
بنوں(ما نیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان سے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے نقل مکانی کرنے کا اندازہ نہیں تھا،ہم اپنے گھر بار چھوڑنے والوں کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔تفصیلات کے مطابق بنوں میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد پرمشتمل عمائدین کے جرگے سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کو بتایا گیا تھا کہ آپریشن کے دوران ایک لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی نہیں کریں گے لیکن شمالی وزیرستان سے اب تک 7لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کرچکے ہیں،ہمیں اندازہ تک نہیں تھا کہ اتنے زیادہ لوگ نقل مکانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آبائی گھروں کو چھوڑنا کسی کے لئے بھی آسان نہیں ہوتا ، خیبر پختونخوا حکومت کو آئی ڈی پیز کی مشکلات کا علم ہے، متاثرین کے آئندہ 2 ماہ مزید سخت گزریں گے۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی بھرپور مدد کی جائے گی اور مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، ہم اپنی ذمہ داری پوری کریں گے اوروفاق سے بھی کہیں گے کہ وہ بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے مزید کیمپس قائم کرے گی۔