افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی، ایم کیو ایم کے جلسے کی جھلکیاں

افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی، ایم کیو ایم کے جلسے کی جھلکیاں
افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی، ایم کیو ایم کے جلسے کی جھلکیاں
کیپشن: mqm

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج سے اظہار یکجہتی کےلئے متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام مزار قائد سے متصل جناح گراﺅنڈ میں جلسے کااہتمام کیا گیا ، جلسے کی ابتدا ءتلاوت کلام پاک سے ہوئی۔ پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ (ن) ، آل پاکستان مسلم لیگ، فنکشنل لیگ اور عوامی تحریک کے وفودنے جلسے میں شرکت کی ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی جلسے میں شریک ہوئے ۔مسلم لیگ (ن) کے وفد کی سربراہی سلیم ضیاءاور آل پاکستان مسلم لیگ کے وفد کی سربراہی احمد رضا قصوری جبکہ مسلم لیگ (ف) کے وفد کی سربراہی نصرت سحر عباسی نے کی ۔ جلسے کے موقع پر جناح گراﺅنڈ اور اس کے اطراف کے علاقے پارٹی پرچموں اور قائد تحریک الطاف حسین کی تصاویر سے سجا ئے گئے تھے ۔ کنٹینر کی مدد سے جلسے کے لئے چالیس فٹ اونچا، چالیس فٹ چوڑا اور اسی فٹ لمبا سٹیج تیار کیا گیا تھا ، شرکاءکے لئے کرسیاں، صوفے اور قالین بچھا ئے گئے تھے ، شرکاءکی افطاری کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ متحدہ قومی موومنٹ کے مطابق جلسہ گاہ میں پاکستان کی سب سے بڑی افطاری کرائی گئی ہے ۔ جلسہ گاہ کی سیکورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، جلسہ گاہ کے اندر متحدہ کے کارکن جبکہ باہر تین سو پولیس اہلکاروں نے حفاظتی فرائض سرانجام دیئے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی تین ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں ، سراغ رساں کتوں کی مدد بھی حاصل کی گئی تھی ، جلسہ گاہ میں داخلے کے لئے تین گیٹ بنائے گئے , ایک رہنماﺅں کے لئے ، دوسرا خواتین اور تیسرا گیٹ شرکاء کے لئے مختص کیا گیا تھا۔ جلسے کے شرکاءسے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین ، شیخ رشید احمد اور دیگر رہنماﺅں نے خطاب کیا ۔فیصل سبز واری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف متحدہ ہونے کی ضرورت ہے ، ملک کے لئے آج جس قدر یکجہتی کی ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں تھی ، پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہے ،دہشت گردوں سے نجات کے لئے پاک فوج جدوجہد کر رہی ہے ۔آج کے جلسے سے ثابت ہو گیا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔

مزید :

کراچی -اہم خبریں -