متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے:عمران خان نے بنوں میں آئی ڈی پیز کےلئے وزیر اعلیٰ شکایت سیل کا افتتاح کر دیا
بنوں (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے دورہ بنوں کے دوران آئی ڈی پیز کے لئے وزیر اعلیٰ شکایت سیل کا افتتاح کر دیا ہے ۔ عمران خان کہتے ہیں کہ مشکل کی گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ شمالی وزیرستان سے اتنی بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کریں گے ، صوبائی حکومت کو بتایا گیا تھا کہ آپریشن کے دوران ایک لاکھ سے زائد افرادمتاثرنہیں ہوں گے لیکن اب تک 7 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔ نقل مکانی کرنے والے افراد کے عمائدین کے جرگے سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ اپنے گھروں کو چھوڑنا کسی کے لئے بھی آسان نہیں ہوتا،متاثرین کے لئے آئندہ 2 ماہ مزید سخت ہوں گے، خیبر پختونخوا حکومت کو آئی ڈی پیز کی مشکلات کا علم ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی بھرپور مدد کی جائے گی اور مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ہم اپنی ذمہ داری پوری کریں گے اور وفاق سے بھی کہیں گے کہ وہ بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔