50کروڑ کی مبینہ کرپشن ،عدالت نے دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال کے پرنسپل سیکرٹری کو 5روزہ ریمانڈ پر سی بی آئی کے حوالے کر دیا

50کروڑ کی مبینہ کرپشن ،عدالت نے دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال کے پرنسپل سیکرٹری ...
50کروڑ کی مبینہ کرپشن ،عدالت نے دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال کے پرنسپل سیکرٹری کو 5روزہ ریمانڈ پر سی بی آئی کے حوالے کر دیا

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی عدالت نے 50 کروڑ روپے کے مبینہ اسکینڈل میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے پرنسپل سیکرٹری راجندر کمار کو 5روزہ ریمانڈ پر سنیٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی ) کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔

بھارتی نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے پرنسپل سکریٹری راجندر کمار کو پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں انہیں 5روزہ ریمانڈ پر سی بی آئی کی حراست میں دے دیا گیا، عدالت نے راجندر کمار کے علاوہ سی بی آئی کی طرف سے گرفتار چار دیگر لوگوں کو بھی پانچ روزہ ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں سنیٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی ) کے حوالے کر دیا ۔سنیٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی ) کے وکلاء نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ راجندر کمار کا شمار دہلی حکومت میں انتہائی اہم ہے ،جس نے اپنے عہدے کا فائدہ اٹھاتے اور سرکاری ذمہ داری سنبھالتے ساتھ ہی مختلف فرضی کمپنیوں کے نام پر کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے ،جب کہ اب وہ اپنے خلاف جاری تحقیقات کو متاثر کرنے کے لئے مقدمے کے گواہوں کو ڈرا دھمکا رہے اور کیس پر اثر انداز ہو رہے ہیں ۔سنیٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی ) کے وکلاء کا کہنا تھا کہ راجندر کمار کے خلاف تحقیقات میں کچھ نئے ثبوت سامنے آئے ہیں ،جس پر عدالت نے انہیں 10روزہ ریمانڈ پر سنیٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی ) کے حوالے کر دیا۔

دوسری طرف راجندر کمار کی گرفتاری پر دہلی حکومت کے ڈپٹی وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ مودی حکومت اوچھی حرکتوں پر اتر آئی ہے، یہ دہلی حکومت کو بدنام کرنے کی سازش ہے، دہلی حکومت کے کام کرنے والے افسران کو ہٹایا جا رہا ہے۔ سسودیا نے کہا کہ راجندر کمار کی گرفتاری ’’وزیر اعلیٰ ہاؤس ‘‘کو مفلوج بنانے کے مقصد سے کی گئی جبکہ وفاقی حکومت دہلی سرکار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ سال 15 دسمبر کو سی بی آئی نے کرپشن کے الزامات کے تحت وزیر اعلی ہاؤس کے قریب راجندر کمار کے دفتر میں چھاپہ مارا تھا،اس چھاپے کے بعد دہلی اور مرکزی حکومت کے درمیان شدید کشیدگی پائی جا رہی تھی ۔

مزید : بین الاقوامی