پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے زیر اہتمام 5 جولائی یوم سیاہ پر مذاکرہ

پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے زیر اہتمام 5 جولائی یوم سیاہ پر مذاکرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے زیر اہتمام 5 جولائی یوم سیاہ پر مذاکرہ منعقد ہوا۔ مہمان خصوصی شیخ علی سعید سابق ممبر پی پی پی پنجاب کونسل تھے۔ مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ، لاہور کے رہنماء نصیر احمد ، عبدالکریم میو ، عثمان الحق قریشی، ابو ہاشمی ، میاں راشد، سیدہ حمیرا تنویر، توقیر اکرم، ڈاکٹر یاسمین مشتاق نے کہا کہ 5 جولائی پاکستان کی تاریخ کا وہ بدقسمت اور سیاہ دن ہے جس دن جنرل ضیاء نے اقتدار کی ہوس اور سامراجی قوتوں کے ایماء پر ذوالفقار علی بھٹو شہید کی حکومت پر غاصبانہ قبضہ کیا۔ جمہوریت کو قتل اور پاکستان کے آئین کو معطل کیا۔ منتخب وزیر اعظم سمیت سیاسی کارکنوں کو تختہ دار پر چڑھا دیا گیا۔ لیکن پاکستان کی باشعور اور جمہوریت پسند عوام نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قیادت میں جدوجہد کرتے ہوئے پاکستان میں جمہوریت اور آئین کو بحال کروایا۔




پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کی سربلندی اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے۔ آج بھی جنرل ضیاء کی پیداوار قوتیں جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازش کر رہی ہیں۔ ضیاء کی پیداوار قوتیں 37 سال سے پنجاب پر مسلط ہیں اور انہوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنرل ضیاء کو آئین معطل کرنے اور پاکستانی عوام پر کیے گئے مظالم پر علامتی پھانسی کی سزا سنائی جائے تا کہ آئندہ کسی بھی دکٹیٹر کا ملک میں مارشل لاء نافذ کرنے کی جرات نہ ہو۔