21سیاسی جماعتوں کا اجلاس،ملکی سلامتی کیلئے جدوجہد کا عزم

21سیاسی جماعتوں کا اجلاس،ملکی سلامتی کیلئے جدوجہد کا عزم

لاہور(پ ر)21رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کا اہم اجلاس مقامی ہوٹل میں ہوا، جس میں ایک گرینڈ الائنس کے بارے میں لائحہ عمل بنایاگیا۔ اجلاس میں پاکستان سٹیزن موومنٹ کے چیئرمین حافظ غلام محی الدین پاکستان زندہ باد پارٹی کے چیئرمین سردار آفتاب احمد ورک ایڈووکیٹ، پاکستان بچاؤ پارٹی کے چیئرمین دریاب یوسف ہاشمی، پنجاب نیشنل پارٹی کے چیئرمین عامر عباس، آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما چودھری محمد اشرف ، مسلم لیگ قاسم کے مرکزی رہنما سیف اللہ سیف، شیعہ پولٹیکل پارٹی کے رہنما پیر نو بہار شاہ، تحریک تکمیل پارٹی کے سربراہ میجر حبیب الرحمن میو۔ پاکستان سمال ٹریڈز کے صدر بابر بٹ ، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ یونین کے رہنما عامر بٹ، سعید خاں اوردیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ ملکی گھمبیر صورت حال اور عالمی تناظر میں دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کا کردار، کرپشن مہنگائی، بے راہ روی اورقومی دولت کی لوٹ کھسوٹ کو زیر بحث لایا گیا۔ اس بات کا متفقہ اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی سلامتی قومی وقار اورعوام کی خوشحالی کے لئے بھر پور جدو جہد کی جائے اور اور اس میں یہ طے پایا کہ پاکستان کی سلامتی کے لئے ہر مقام پر مقابلہ کیا جائے گا۔ میزبانی کے فرائض پاکستان کرسچن نیشنل پارٹی کے سربراہ جوزف فرانسس اور جاوید مارٹن کی جماعت نے سرانجام دیئے۔ اس اجلاس میں متفقہ قرار داد پاس کی گئی کہ پاناما لیکس کے مذکورہ قومی مجرموں کا بالاتاخیر محاسبہ کیا جائے۔اور قومی دولت لوٹنے والوں، قرضہ معاف کرانے والو ں اور اپنا سرمایہ بیرون ممالک میں رکھنے والو کا بلا امتیاز کڑا احتساب کیا جائے اور ان کے الیکشن لڑنے پر پابندی لگائی جائے۔ ضربِ عزب کی مکمل کامیابی تک حکومتی اور ریاستی ادارے اور عوام اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ جنرل راحیل شریف کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1