اورنج ٹرین منصوبہ سے روزانہ پانچ لاکھ افراد استفادہ کرینگے،عرفان دولتانہ

اورنج ٹرین منصوبہ سے روزانہ پانچ لاکھ افراد استفادہ کرینگے،عرفان دولتانہ

لاہور(پ ر)مسلم لیگ( ن )کے رکن پنجاب اسمبلی عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تکمیل سے ابتدا میں تقریباً اڑھائی لاکھ افراد اور بعدازاں روزانہ پانچ لاکھ افراد استفادہ کریں گے۔ اڑھائی گھنٹے کی مسافت 45 منٹ میں طے ہوگی۔ شہریوں کا قیمتی وقت بچے گا اور انہیں انتظار کی زحمت سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں شفافیت کی پالیسی کے تحت تمام ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جا رہی ہیں۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ بھی دیگر ترقیاتی سکیموں کی طرح شفافیت، معیار اور برق رفتاری سے تکمیل کا اعلیٰ نمونہ ہوگا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ وسائل عوام پر خرچ کرنے کی اعلیٰ مثال ہے اور ایسے منصوبے امیر اور غریب کے درمیان خلیج کم کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ اور نج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے بارے میں بعض سیاسی عناصر کی طرف سے پراپیگنڈے کے باوجود چین کی قیادت نے منصوبے کیلئے مزید فنڈز فراہم کرکے پاکستان کے ساتھ دوستی کا بھرپور حق نبھایا ہے۔ اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ بلاشبہ پا ک چین دوستی کی درخشاں مثال ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے دونوں ممالک کے مابین دوستی اور تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ چین کی طرف سے منصوبے کیلئے تسلسل کے ساتھ رقم کا اجراء عام آدمی کے اس منصوبے پر تنقید کرنے والوں کیلئے ایک سبق ہے۔لاہور اورنج لائن میٹروٹرین پاکستان کی تاریخ کا منفرد اور بڑا منصوبہ ہے جس میں غریب قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1