اوئن مورگن نے بنگلادیشی دورے پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا

اوئن مورگن نے بنگلادیشی دورے پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا

لندن(آئی این پی)انگلینڈ کے مختصر فارمیٹ کے کپتان اوئن مورگن نے بنگلہ دیشی دورے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈھاکا میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد ٹیم کی سیکیورٹی پر انہیں تشویش لاحق ہو گئی ہے ۔ واضح رہے کہ سال رواں کے آخر میں انگلش ٹیم کو بنگلہ دیش کے دورے پر جانا ہے اور ای سی بی کا کہنا ہے کہ دورے کیلئے حکومتی ہدایات کو پیش نظر رکھا جائے گا جبکہ ہیڈ آف سیکیورٹی ریگ ڈیکاسن سے بھی رہنمائی لی جائے گی جو اس بات کا حتمی فیصلہ کریں گے کہ انگلش ٹیم کو رواں سال تیس ستمبر کو بنگلہ دیش کے سفر پر روانہ ہونا چاہئے یا نہیں۔ اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ انہیں دورے کے حوالے سے سخت تشویش ہے لیکن وہ ہمیشہ کی طرح بڑے فیصلوں کیلئے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی ہدایات کو سامنے رکھیں گے کیونکہ وہی لوگ رپورٹس تیار کرتے ہیں اور متعلقہ افراد کو کسی بھی ملک میں بھیجتے ہیں کہ آیا وہاں کھلاڑیوں کی حفاظت کس حد تک ممکن ہے جو دورے پر جا کر خوشی بھی محسوس کریں گے یا نہیں تاہم فی الوقت یہ باعث تشویش بات ہے ۔ دورے کی کسی نیوٹرل مقام پر منتقلی کے بارے میں اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ جب ایسا موقع آئے گا تو پھر اس پر غور کیا جا سکتا ہے ۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کا خیال ہے کہ وہ حالیہ دہشت گردی کے واقعے پر کسی بھی ممکنہ ردعمل سے آگاہ ہیں لیکن امید ہے کہ دورہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ انگلش ردعمل کافی نارمل ہے کیونکہ اگر ان کو ایسے حالات درپیش ہوتے تو ان کو بھی تشویش ہوتی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی