چیئر پرسن سندھ بورڈ انویسٹمنٹ ناہید میمن کی چائینیز قونصل جنرل سے ملاقات

چیئر پرسن سندھ بورڈ انویسٹمنٹ ناہید میمن کی چائینیز قونصل جنرل سے ملاقات

کراچی (اکنامک رپورٹر) چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے پیر کو کراچی میں چینی قونصل جنرل آفس میں قونصل جنرل Mr. MA YAOU سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے چینی قونصل جنرل کو سندھ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ترغیبات سے آگاہ کیا اور کہا کہ سندھ میں پانی، ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مفید اورموثر مواقع موجود ہیں۔ چیئرپرسن نے کہا کہ مستحکم چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ باہمی روابط کو مضبوط کرنے کے لئے قونصل جنرل آفس سے تعاون کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کے شعبوں کے بارے میں معلومات دینے کے لئے چینی کمرشل قونصل کے ساتھ موثر رابطہ رکھنا چاہتے ہیں۔ چینی قونصل جنرل نے چیئر پرسن ایس بی آئی کو قونصل جنرل آفس میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ چینی کمرشل قونصل، سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ساتھ مل کر رابطہ قائم کریں گے اور اس سلسلے میں میں عیدالفطر کے بعد چینی کمرشل قونصلر ایس بی آئی کے دفتر کا دورہ کر کے کاروباری امور طے کریں گے۔

چینی قونصل جنرل نے کہا کہ چین سندھ میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو سی پیک کے ساتھ منسلک کر کے استحکام دینا چاہتا ہے اور اس ضمن میں سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ قابل اعتماد پارٹیز کی موثر فراہمی کے ذریعے سرمایہ کاری کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔ چیئر پرسن ایس بی آئی ناہید میمن نے چینی قونصل جنرل کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

مزید : کامرس