وزیراعلیٰ شہباز شریف کی عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر قوم کو مبارکباد

وزیراعلیٰ شہباز شریف کی عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر قوم کو مبارکباد

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو دلی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دین اسلام خوشی کے تہواروں پر محروم معیشت طبقات کو بھی خوشیوں میں شامل کرنے کا درس دیتا ہے اورعید کے پرمسرت موقع پر ہمیں غریبوں ، یتیموں، بیواؤں اور بے سہارا افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں ہر صورت شریک کرنا چاہیے تاکہ اسلام کے آفاقی پیغام کوحقیقی معنوں میں پھیلایا جاسکے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید کی خوشیوں میں ان اہل وطن کو بھی شامل کرنا ہے جن کے پیاروں نے وطن کے امن کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور آج بھی پاکستان کے یہ بہادر جوان اورافسروطن کے امن کیلئے دشمن کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وسائل سے محروم افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہمارا دینی ، اخلاقی اور قومی فریضہ ہے ۔ عید کی خوشی کے موقع پر غریب اور پسے ہوئے طبقات کو ہرگز بھولنا نہیں چاہیے جو ہماری توجہ اور مدد کے منتظر ہوتے ہیں۔ مستحق اور بے سہارا افراد کو عیدکی خوشیوں میں شریک کر کے ہی ہم دنیا اور آخرت میں فلاح پاسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عید کا تہوار اہل ایمان سے تقاضا کرتا ہے کہ ماہ مقدس کے دوران پیدا ہونیوالے سادگی ، ایثار اور صبر و تحمل جیسے اوصاف حمیدہ کو مستقل طور پر زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ عید الفطر ایک ماہ کی ریاضت اور عبادت کے بعد اللہ تعالیٰ کا مسلمانوں کے لئے خاص انعام اور تحفہ ہے اور عیدالفطر کے مذہبی تہوار کابنیادی تقاضا ہے کہ بے سہارا اور محروم معیشت طبقات کو خوشیوں میں اپنے خاندان کے افراد کی طرح شامل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہعید کے دن کا یہ بھی تقاضا ہے کہ باہمی رنجشوں اور اختلافات کو بھلا کر اخوت و محبت کے جذبے کو فروغ دیا جائے۔عید کا دن مسلمانوں کیلئے اطاعت خدا کی توفیق نصیب ہونے پر اظہار تشکر کا دن ہے۔عید الفطر اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے کہ اْس نے ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں سے فیض یاب ہونے کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ عید کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کیلئے دکھی اور لاچار انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہو گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ملک کی سلامتی ، بقا ء، ترقی، خوشحالی ، استحکام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔

مزید : صفحہ آخر