عید الفطر کے تینوں روز عوام کو لوڈ شیڈنگ کا عذاب برداشت کرنا پڑے گا

عید الفطر کے تینوں روز عوام کو لوڈ شیڈنگ کا عذاب برداشت کرنا پڑے گا

لاہور (کامرس رپورٹر)لوگوں کو عید الفطر کے تینوں دن بھی لوڈ شیڈنگ کے عذاب کو برداشت کرنا پڑے گا ۔ لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز نے وزارت بجلی و پانی کے عید الفطر کے تینوں دن لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے عید الفطر کے تینوں دن لوڈ شیڈنگ کرنے کا راستہ ڈھونڈ لیا ۔ لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز نے لوڈ شیڈنگ نہ کئے جانے کو لائن لاسز اور بجلی چوری نہ ہونیوالے علاقوں سے مشروط کر دیا ۔لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کے ملک بھر میں چند ہی فیڈرز ہیں جہاں لائن لاسز اور چوری کے بجائے ریکوری سو فیصد ہے دوسری جانب گزشتہ روز ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ کے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کر دیا گیا ۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہنے کے باعث ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا جس سے شارٹ فال بڑھ گیا ۔ گزشتہ روز بھی سحر و افطارسمیت تراویح کے اوقات میں لود شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ کم وولٹیج کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا ۔گزشتہ روز شہروں میں دس سے بارہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں چودہ سے سولہ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔سیکرٹری پانی وبجلی کے احکامات کے مطابق لاہورالیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)چاندرات سے عیدالفطرکے تینوں دن اپنے صارفین کوبلاتعطل بجلی فراہم کرے گی۔تفصیلات کے مطابق عیدکے تینوں دن لیسکوریجن کے شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی اوردیہی علاقوں میں کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔اسی طرح زیادہ لائن لاسزاوربجلی چوری والے ایریازمیں لوڈشیڈنگ جاری رہے گی تاکہ شہری اوردیہی علاقوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی کویقینی بنایاجاسکے۔مزیدبراں 10جولائی2016 سے لیسکوریجن کے شہری اوردیہی علاقوں میں رمضان المبارک سے پہلے نافذالعمل شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ ہوگی اور صنعتوں کوبلاتعطل بجلی کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔

مزید : صفحہ آخر