وہ دن دورنہیں جب آئی ڈی پیزدوبارہ آبادہوجائینگے،اقبال ظفرجھگڑا

وہ دن دورنہیں جب آئی ڈی پیزدوبارہ آبادہوجائینگے،اقبال ظفرجھگڑا

پشاور(این این آئی)گورنرخیبرپختونخوا انجینئر قبال ظفر جھگڑانے کہاہے کہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب نقل مکانی کرنے والے تمام ہم وطن اپنے آبائی علاقوں میں پھر سے آباد ہوجائیں گے اور ہم سب مکمل ہم آہنگی کے ماحول میں اپنی زندگیاں بسرکرنے کے قابل ہوں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے عیدالفطرکے موقع پراپنے ایک پیغام میں کیاہے۔ گورنرکے پیغام کامکمل متن درج ذیل ہے۔" عیدالفطر ایک مقدس دینی تہوارہے جو باری تعالی کی جانب سے اہل ایمان کو پورے احترام، برادرانہ جذبے، نظم وضبط اور اخوت کے احساس کے ساتھ ماہ رمضان المبارک کے دوران روزے رکھنے کے صلے میں عطا کیاگیاہے۔ یہ مقدس موقع روزمرہ زندگی کے تمام پہلووں خاص طور پر دینی، سماجی،شہری اور ثقافتی اقدار کا احاطہ کئے ہوئے ہے۔اس مبارک موقع پر وطن عزیز کے تمام عوام خاص طور پر خیبرپختونخوا اور فاٹا کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے میں انہیں یاد دلاتاہوں کہ وہ اپنے گردوپیش کے لوگوں کے ساتھ عید کی خوشیاں مناتے ہوئے فراخدلی کامظاہرہ کریں۔ ہمیں اپنے ان قبائلی بہن بھائیوں کو درپیش مشکلات کا بھی بخوبی احساس و احترام ہے جو نقل مکانی کی آزمائش سے گزرے ہیں۔ ہم پاک فوج اور سیکورٹی فورسزکے افسران وجوانوں کی ان بے پناہ قربانیوں کا بھی بے حد احترام کرتے ہیں جن کاانہیں آزمائش کی اس گھڑی میں سامنارہا۔ بلاشبہ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد ویکجہتی برقراررکھنا اور حب الوطنی کے جذبے سے باہمی بھائی چارے کااحساس واحترام یقینی بنانا ہی نہ صرف ان کی ان عظیم قربانیوں کو عمدہ خراج عقیدت ہوسکتاہے بلکہ یہ معاشرے میں مکمل استحکام یقینی بنانے کے عظیم مقصد کے حصول کا عمدہ طریقہ بھی ہوسکتاہے۔

مزید : صفحہ آخر