سرکاری ملازمین عید پر پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے

سرکاری ملازمین عید پر پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن پنجاب کے صدر محمد سلطان مجددی اور مرکزی چیئرمین چوہدری محمد افضل کی اپیل پر کلرکس ، ٹیکنکل ، نان ٹیکنیکل و دیگر ملازمین کوحکومت پنجاب کی جانب سے ایپکا کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق کیڈرز کی اپ گریڈ یشن نہ کرنے ، مختلف اقسام کے کیڈرزکو حکومت پنجاب کی طرف سے سمری میں شامل نہ کرنے ، پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مطلوبہ اضافہ نہ کرنے ، تمام ایڈہاک ریلیف الاؤنسزکو بنیادی تنخواہوں میں ضم کر کے نئے پے سکیل نہ بنانے اور ان پر مزید 30فیصد اضافہ نہ کرنے اور وفاقی حکومت کی طرز پر صوبہ پنجاب کے ملازمین کو بھی ہاؤس ریکوزیشن نہ دینے پرکل عید الفطر کے د ن صبح 8 بجے پنجاب اسمبلی کے سامنے جمع ہوکر عید کی نماز ادا کریں گے۔ بعد میں حکومت کی ملازمین کش پالیسیوں کے خلاف احتجاج ، ماتم ، سینہ کوبی اور الٹے ہاتھوں حکومت کے خلاف بد دعائیں کی جائیں گی۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت ایپکا پنجاب کے صدر محمد سلطان مجددی اور مرکزی چیئرمین چوہدری محمد افضل ، صدر لاہور چوہدری عبدالشکور، جنرل سیکرٹری لاہور محمد ندیم چغتائی کریں گے۔محمد سلطان مجددی نے کہا کہ بیوروکریسی حکومت سے تنگ آچکی ہے اور حکومت کو ناکام کرنے کے لئے چشم پوشی اور رکاوٹیں ڈال رہی ہے جبکہ سرکاری ملازمین مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں وہ عید کس طرح منائیں، جبکہ غریب ملازمین خودکشیوں پر مجبور ہیں ۔


خادم اعلیٰ پنجاب غریب ملازمین کی بات سننے کے لئے تیار نہیں بادشاہوں کی طرز پر حکمرانی کر رہے ہیں۔تمام خوردو نوش کی اشیا ء پر بے تحاشا اور زبردست ٹیکس نافذ کر دیا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی کا سونامی عید کی خوشیاں بہا کر لے گیا ہے۔عید پربچوں کو نئے کپڑے اور جوتے کہاں سے لا کر دیں۔لہذا مجبوراً ملازمین عید اپنے بچوں کے ساتھ منانے کی بجائے عید والے دن سڑکوں پر احتجاج کا راستہ اپنا رہے ہیں ۔خادم اعلیٰ کی گوڈ گورننس کے دعوے کہاں گئے۔اگر مہنگائی کے جن کو قابونہ کیا گیا تو غریب ملازمین عوام سے فطرانہ لینے پر مجبور ہوں گے۔ نام نہاد جمہوریت میں حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔محمد سلطان مجددی نے تمام ملازمین گریڈ 1تا16سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کے حقوق کی عید کے دن پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا میں بھر پور شرکت کر کے اپنی یک جہتی کا مظاہرہ کریں