غلط انجکشن لگنے سے بچے کے ماتھے پر ناک اگنا شروع ہو گئی

غلط انجکشن لگنے سے بچے کے ماتھے پر ناک اگنا شروع ہو گئی
 غلط انجکشن لگنے سے بچے کے ماتھے پر ناک اگنا شروع ہو گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نئی دلی (نیوز ڈیسک) بھارت میں ڈاکٹروں نے ناک سے محروم ایک بچے کے ماتھے پر ایک نئی ناک اُگا کر نیا کارنامہ سرانجام دے دیا ہے۔ اخبار ڈیلی میل کے مطابق ارون پٹیل نامی بچے کو ایک ماہ کی عمر میں اس کے گاؤں کے عطائی ڈاکٹر نے غلط انجیکشن لگایاجس کے ردعمل کے طور پر اس کی ناک میں انفیکشن پیدا ہوگئی اور کچھ عرصے میں ناک بالکل غائب ہوگئی۔ اندور شہر سے تعلق رکھنے والے اس بچے نے کئی سال ناک کے بغیر گزارے۔ بالآخر جب پلاسٹک سرجن ڈاکٹر آشوینی داس کو اس بچے کے بارے میں معلوم ہوا تو انہوں نے اس کی ناک لوٹانے کا فیصلہ کر لیا۔ ڈاکٹر آشوینی نے بتایا کہ یہ آسان کام نہ تھا کیونکہ 12 سالہ ارون کے چہرے پر ناک بالکل نہ تھی لہٰذا انہیں اس کے لئے ایک نئی تکنیک استعمال کرنا پڑی۔ ڈاکٹر آشوینی اور ان کی ٹیم نے بچے کے ماتھے پر نئی ناگ اگانے کا کام شروع کردیا۔ ماتھے کی جلد کو پہلے ایک آلے سے پھیلایا گیا اور پھر 3 ماہ تک جلد کے گوشت کی افزائش کر کے اسے ناک کی شکل دینے کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران ڈاکٹروں نے بچے کے سینے کے نچلے حصے سے گوشت لے کر بھی ماتھے پر اگنے والی ناک کے لئے استعمال کیا۔ ڈاکٹر آشوینی نے بتایا کہ 3ماہ میں نئی ناک تیار ہوچکی تھی جس کے بعد اسے کاٹ کر چہرے پر لگایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایک مشکل آپریشن تھا جسے ایک سال کے دوران 4مرحلوں کے دوران سرانجام دیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بچے کی نئی ناک کامیابی سے اپنی اصل جگہ پر لگادی گئی تھی اور ماتھے کی جلد کی پلاسٹک سرجری کرکے اسے پھر سے ہموار بنادیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن تھا جبکہ اس سے پہلے چین میں بھی ایک ایسا ہی آپریشن کیا جاچکا ہے۔