سرزمین حرمین شریفین پر دھماکے ‘ مذہبی ‘ سیاسی حلقوں کا اظہار مذمت

سرزمین حرمین شریفین پر دھماکے ‘ مذہبی ‘ سیاسی حلقوں کا اظہار مذمت

ملتان‘ بدھلہ سنت ‘ ٹبہ سلطان پور ‘ میلسی ‘ خانیوال ‘ احمد پور شرقیہ ‘ بہاولپور ‘ فقیر والی ‘ سیت پور ‘ اﷲ آباد ‘ راجن پور ‘ خانپور ( سٹی رپورٹر ‘ نمائندگان ) سر زمین حرمین شریفین پر دھماکے قابل مذمت ‘ سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والے 34 مسلم ممالک کے اتحاد کیخلاف سازش قرار ‘ مذہبی ‘ سماجی‘ شہری (بقیہ نمبر27صفحہ7پر )

حلقوں نے داعش کیخلاف بھرپور آپریشن کرنے کا مطالبہ کر دیا ‘ شہداء کیلئے دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ تفصیل کے مطابق جماعۃ الدعوۃ ضلع ملتان کے مسؤل میاں سہیل احمدنے کہا ہے کہ سرزمین حرمین شریفین کو نشانہ بنانے والے اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں۔ منظم منصوبہ بندی کے تحت مسلمان ملکوں میں قتل و غارت گری پروان چڑھانے اور مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ دشمن قوتوں کو سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والا 34ممالک کا اتحادبرداشت نہیں ہو رہا۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث واہلحدیث یوتھ فورس کے رہنماؤں ضلعی ناظم مرکزی جمعیت اہلحدیث علامہ عنایت اللہ رحمانی،علامہ عبدالحمید عابد،قاری عطاء اللہ عزیز،قاری ہدایت اللہ رحمانی ، محمد عبداللہ طاہر،نعیم بلوچ نے کہا کہ سعودی عرب سرزمین امن ہے ۔ گزشتہ شب ہونیوالے خودکش دھماکے مسلمانوں کے دلوں کے محور مکہ ومدینہ کی سالمیت کو مخدوش کرنے کی سازش ہے ۔ یہود وہنود کو اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خطرہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدینہ منورہ میں ہونیوالے خودکش دھماکے پر اپنے ردعمل کے اظہارمیں شدید مذمت کرتے ہوئے کیا ۔ مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے سعودیہ عرب کے شہروں مدینہ منورہ،قطیف اور عراق کے شہر بغداد میں ہونے والے دھماکوں پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ممالک میں تباہی کے ذمہ دار یہود و نصاری اور مسلمانوں میں موجود ان کے ٹکرون پر پلنے والے آلہ کار ہیں۔عراق میں داعش کے خلاف آپریشن مزید موثر اور تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ امن و سکون قائم ہو سکے۔ بدھلہ سنت سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء چوہدری حبیب الرحمٰن سنگھیڑا،سید راجن بخش گیلانی،ملک نسیم حسین راں،ملک اشفاق اعوان،ملک اسلم بھٹی،چوہدری عبدالشکور گجر،حاجی حبیب اللہ گجر،میاں غوث محمد صادق،مہر آصف سلیم سنڈھل،چوہدری محمد احمد گجرو دیگر نے مسجد نبوی کے قریب اوردوسرے شہر میں ہونیوالے بم دھماکوں کی بھر پور مذمت کی ہے۔ ٹبہ سلطان پور سے نمائندہ پاکستان کے مطابق سعودی عرب میں دہشت گردی کی کاروائیاں انتہائی افسوس ناک ہیں ۔سعودی عرب میں مقدس مقامات کی حفاظت کر نا جانتے ہیں سعودی حکو مت دہشت گردی میں ملوث اصل چہرے بے نقاب کر نے کے لیے وسائل استعمال کرے ان خیالات کا اظہارعوامی راج پارٹی کے سنیئر رہنما صفدر عباس خان منیس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سردار نصراللہ خان پاندہ ، حاجی عبدالرزاق خان پاندہ ، مظہر عباس خان منیس ، ظفر عباس خان منیس اور چوہدری ہمایوں ستار کمبوہ بھی موجود تھے ۔ میلسی سے تحصیل رپورٹر کے مطابق مدنیہ منورہ میں خود کش دھماکوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ اسلامی ممالک کو متحد ہو کر دہشت گردوں کے خلاف لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا۔ ان خیالا ت کا اظہار مسلم لیگ(ن) کے تحصیل جنرل سیکرٹری چوہدری غیوراسلم نے کیا۔ضلعی امیر جمعیت علماء اسلام قاری محفوظ احمد قاسمی نے کہا کہ دشمن اسلام کا مقدس مقاما ت کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے ۔قاضی عطاء اللہ ، مولانا ذکاء اللہ مسعود ، مولانا عبدالعزیز حسانی اور مولانا عمیر شاہین نے کہا کہ دشمن اسلام اب مسلمانوں کے احساسات سے کھیلنا چاہتی ہے۔سماجی رہنماؤں جہانگیر ہاشمی،محمد اقبال راٹھور، جنرل کونسلر مہر عبدالخالق ، چوہدری مقبول جٹ اور دیگر نے کہا کہ پاک سر زمین سعو دی عرب میں پانچ دھماکے قابل مذمت ہیں۔ خانیوال سے بیورو نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ بار کے صدر سعید اخترچوہدری ایڈووکیٹ نے سعودی عرب میں دہشتگردی کے واقعات اورخود کش دھماکوں کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہاکہ سعودی عرب دہشتگردی کے واقعات پوری امت مسلمہ کے لیے باعث تشویش ہیں۔ بلدیہ کونسلر طارق نواب پراچہ نے مسجد نبوی کے قریب دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ امت مسلمہ کو اپنے اختلافات بھلاکر اس دہشتگردی کا نوٹس لیناچاہیے اور اس کے سدباب کے لیے موثر حکمت عملی اور اقدامات کر ناچاہیے۔ مسلم لیگ(ن)یوتھ ونگ کے ضلعی صدرومیونسپل کمیٹی خانیوال چیئرمین کے امیدوار راناعبدالرحمن خاں نے سعودی عرب مسجد نبوی کے قریب دہشتگردی اورخود کش حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ واقعہ پر پورا عالم اسلام سعودی عرب کیساتھ اظہار یکجہتی اور متاثرہ خاندانوں کیساتھ اظہارہمدردی کرتاہے۔ احمد پور شرقیہ سے سٹی رپورٹر کے مطابق سعودی عرب میں حالیہ دھماکوں کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار احمدپور شرقیہ سے تعلق رکھنے والے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام مولانا احمد محمودی ، مفتی شہر، مفتی محسن فیضی اہلسنت جماعت، مرزا محمد نواز جماعت اسلامی، محبوب احمد جماعت اسلامی، مولانا عاشق مہروی، عبدالعزیز فیضی اور ریاض حسین شاہ نے کیا ۔ جمعیت علماء اسلام (نظریاتی ) گروپ کے مرکزی قائمقام امیر مولانا عبدالقادر لونی، امیر پنجاب قاری عطاء اللہ او رمرکزی نائب امیر قاری محمدا کمل نے سعودی عرب میں ہونے والے بم دھماکو ں کی پُر زور الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بہاولپور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق ٹکٹ ہولڈر کنٹونمنٹ بورڈ بہاولپور شہاب ثاقب رحمانی نے سعودی عرب میں ہونے والے خود کش دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ‘ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اسلامی ممالک کو ہدف بنا رکھا ہے جس کیلئے امہ کا اتحاد وقت کی ناگزیر ضرورت بن چکا ہے ۔ انہوں نے سعودی عرب میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کی دعا کی ۔ جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے ضلعی صدر سید کاشف اعجاز ،سٹی صدر راشد علی نے سعودی عرب کے مختلف شہروں اور مسجد نبوی کے باہرخود کش بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح مقدس مقامات پر حملہ کرنے والے اسلام دشمن ہیں جو کسی طور پر بھی اسلام اور انسانیت کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ فقیر والی سے نمائندہ خصوصی کے مطابق عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشان اسلام پاکستان کا سعودی عرب میں خود کش دھماکوں پر اظہار افسوس اور متاثرہ خاندانوں کے لئے صبرو جمیل کی دعا تحریک کے مشیرڈاکٹر محمد طارق سابق انسٹریکٹر آف ائیر فورس ،ڈاکٹر محمد شفاعت اور لیاقت گاکھٹرا نے کہا کہ اسلام ایک پر امن مذہب ہے جو کہ سلامتی کادرس دیتا ہے ایسے لوگوں کے لئے کوئی جگہ نہیں جو دوسروں کی جان لینے کے لئے تلے ہوئے ہیں تقریب میں شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور متاثرہ خاندانوں کے لئے صبرو جمیل کی دعا کی گئی ۔ سیت پور سے نامہ نگار کے مطابق سعودی عرب میں خود کش دھماکہ افسوس ناک ہے۔ مقدس مقام اور رمضان کے مہینے کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی عالمی سازش ہے۔ پاکستانی خود کش حملہ آور استعمال کرنا امریکی سازش ہے۔ جس کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا چاہیے۔ سروے۔ سعودی عرب میں حالیہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار باسط نواز خان‘حاجی حمید حسین جعفری ‘‘ جام عمران حسین‘ عبد اللطیف سیال‘ رانا طارق فریدی۔ ندیم عباس۔ فہیم سیال ۔ محمد علی خان و دیگر نے کیا۔ اﷲ آباد سے نامہ نگار کے مطابق سعودی عرب میں بم دھماکے دہشت گردوں کی سفاک اور ظالمانہ کارروائی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے فقہ جعفریہ اللہ آباد کے صدرمیاں احمد علی کھرل نے کہا ہے کہ خودکش بمبار اسلام اور انسانیت کے بدترین دشمن ہیں انکی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور انکے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔ راجن پور سے نمائندہ خصوصی کے مطابق حافظ جلیل الرحمن صدیقی ضلعی امیر مجلس تحفظ ختم نبوت کی زیر صدارت جامع کینال مسجد راجن پور میں بین المسالک ضلع راجن پور کا اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں سعودی عرب میں مدینہ منورہ اور قطیب میں ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اورسعودی عرب حکومت سے اظہار یکجہتی گئی اس موقع پر حافظ جلیل الرحمن صدیقی ضلعی امیر مجلس تحفظ ختم نبوت ،مولانا قاری نور الحسن قاسمی رہنماء جماعت اہلسنت راجن پور،مولانا حافظ عبدالرحمن سلفی ضلعی ناظم مرکزی جمعیت اہلحدیث ،مولانا محمد عمر فاروقی ضلعی رہنماء جمعیت علماء اسلام راجن پور،حافظ فاروق احمد قریشی رہنماء تنظیم اہلسنت راجن پور، سید احسن حسین شمسی رہنماء ملت جعفریہ راجن پورو دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مولانا محمد عثمان ،مولانا مطلوب،حسیب الرحمن ،سید عبدالرحمن شاہ،قاری زاہد گبول، قاری عبدالوھاب ،حافظ عبدالغنی ،مولانا محمد شاہد سمیت دیگر علماء کرام نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر مولاناقاری نور الحسن رہنماء جماعت اہلسنت راجن پورنے خود کش حملہ میں شہید ہونے والوں کی مغفرت و بلند درجات کے لیے دعاکرائی۔ خان پور سے تحصیل رپورٹر کے مطابق چیمبر آف کامرس رحیم یار خان کے صدرشیخ عماد الدین نے مدینہ منورہ میں خود کش دھماکوں کی شدید الفا ظوں میں مذمت کرتے ہوئے سعودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر یہ خود کش دھماکہ ہوا ہے تو اسکی فوری تحقیقات کرکے ذمہ داران کی گرفتاریاں عمل میں لاکر انہیں نشان عبرت بنائے ۔وہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد واپسی پر اپنی رہائش گاہ پر صحا فیوں سے گفتگو کررہے تھے۔شیخ وقار الدین اور انجمن تاجران کچہری روڈ کے صدر چوہدری اشرف جٹ نے بھی مسجد نبوی مدینہ منورہ میں ہونیوالے بم دھماکے کے واقعہ کی شدید الفا ظوں میں مذمت کرتے ہوئے اسکی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ سنی تحریک پنجاب کے سیکرٹری جنرل جواد حسن گل نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ میں ہونیوالے دھماکوں سے تمام عالم اسلام سوگوار ہے اور مسلمانوں کا دل حقیقی معنوں میں خون کے آنسو رورہا ہے۔ دہشت گردوں کاکسی بھی مذہب یا دین سے کوئی تعلق نہیں ،دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں مسلمانوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے سے نہیں روک سکتی۔

اظہار مذمت

مزید : ملتان صفحہ آخر