چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں 8فیصد اضافہ‘ادارہ شماریات
اسلام آباد (اے پی پی) گزشتہ مالی سال کے 11ماہ میں ملک سے چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں 8فیصد اضافہ ریکارٖڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکر مئی کے اختتام تک پاکستان نے لیدرمصنوعات کی برآمدات سے 478.857 ملین ڈالرکازرمبادلہ کمایا جو مالی سال 2016-17ء کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 7.99فیصدزیادہ ہے۔مالی سال 2016-17ء کے 11ماہ میں پاکستان نے چمڑے کی مصنوعات کی برآمد سے 443.430 ملین ڈالرکازرمبادلہ کمایا تھا۔ لیدرمصنوعات کے علاوہ لیدرگارمنٹس کی برآمدات میں اس عرصہ کے دوران 2.05فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعدادوشمارکے مطا بق اس عرصہ میں لیدرگارمنٹس کی برآمدات سے پاکستان نے 269.128ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل کیا ۔ پیوستہ مالی سال کے اسی عرصہ میں پاکستان نے لیدرگارمنٹس کی برآمدات سے پاکستان کو 263.414ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے 11ماہ میں چمڑے کے دستانوں کی برآمدات میں 17.64فیصد کا اضافہ ہوا۔ اس عرصہ میں لیدرگلوزکی برآمدات سے پاکستان نے 198.185ملین ڈالر کا زر مبادلہ کمایا ،پیوستہ مالی سال کے اسی عرصہ میں پاکستان نے لیدرگلوز کی برآمدات سے 168.468 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل کیا تھا ۔