ایمنسٹی سکیم کی مدت میں توسیع سے معاشی استحکام آئے گا،شہباز اسلم
لاہور(کامرس رپورٹر)تاجر رہنما و ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانڈسٹری سابق وائس چیئرمین فرایا شہباز اسلم نے ایمنسٹی سکیم کی مدت میں توسیع کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایمنسٹی سکیم کی مدت میں توسیع سے معاشی استحکام آئے گا اور حکومت کے مطلوبہ اہداف پورے ہونگے انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ سے ٹیکس نیٹ اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، ایمنسٹی سکیم میں توسیع سے مزید9ٹریلین روپے کے اثاثے ظاہر ہونے کی توقع ہے جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاؤنڈ ر چیئرمین عدنان بٹ،ارشد بیگ،تنویر احمد،حقیق احمد،شاہد بیگ اور دیگر صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز اسلم نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم کے ذریعے 55ہزار افراد سے حکومت کو68ارب روپے وصول ہوئے جبکہ اس سکیم کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم کا ہدف5ارب ڈالر سے زائد ہے ۔ ٹیکس ایمنٹسی سکیم میں توسیع سے حکومت کو ٹیکس کی مد میں 200سے250ارب روپے کا فائدہ ہوگا اور مزید لوگ اس سکیم سے استفادہ حاصل کریں گے انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ سے پرانے ٹیکس ادا کرنے والوں پر ٹیکسوں کا بوجھ بھی کم ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ عوام میں اس سکیم کی پذیرائی سے لوگ حکومت پر اعتماد کا اظہار کرکے اپنے اثاثے ظاہر کرکے ٹیکس نیٹ میں شامل ہورہے ہیں جو ایک اچھا اور مثبت عمل ہے جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔یہ سکیم پاکستان کی دگرگوں معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔