مو ن سون میں تیزی ،گیسٹر و یرقان اور اسہال کی وباء پھوٹ پڑی
لاہور(جاوید اقبال) صوبائی دارلحکومت میں مون سون بارشوں کے باعث بیماریوں میں اضافہ سامنے آگیا ہے اور موسم سے پہلے ہی گیسٹرو اور یرقان کی بیماری سامنے آگئی ہے جبکہ بچوں میں اسہال کی بیماری پھوٹ پڑی ہے ۔گزشتہ 24گھنٹوں میں ہر ہسپتال کی ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کی کل تعدادکا 48 سے 52فیصدکا تعلق پیٹ کی بیماریوں اور گیسٹرو سے ہے دوسری طرف بارشوں کے باعث ہیضہ، ٹائیفائیڈ، ہیپاٹائٹس اور پیٹ کی بیماریوں میں نمایان اضافہ ہوا ہے اس حوالے سے ماہرین کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پانی ابال کر پیا جائے اور فریج میں زیادہ دیر پڑی اشیاء نہ کھائی جائیں۔جبکہ ماہرین صحت کا کہنا یہ بھی ہے کہ ایسا آلودہ پانی پینے سے ہو رہا ہے ۔بارشوں میں بعض مقامات پر زیر زمین پانی اور سیوریج کی لائنیں خراب ہونے سے دونوں کا پانی آپس میں مل جاتا ہے جس سے خرابی بڑھ جاتی ہے ۔اور دوسرا بازاری اور باسی کھانوں سے بھی گیسٹرو پھیل جاتا ہے ان سے پرہیز کیا جائے ۔اس حوالے سے سیکرٹری صحت پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ اس حوالے سے تمام ہسپتالوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ گیسٹرو کی اضافی ادویات کا اسٹاک ایمرجنسیوں میں رکھیں۔ایمرجنسیوں میں گیسٹرو کاؤنٹر قائم کریں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔