عوام کے حقوق کی بات کی تو (ن) لیگ نے ٹکٹ نہ دی، حنیف اعوان

عوام کے حقوق کی بات کی تو (ن) لیگ نے ٹکٹ نہ دی، حنیف اعوان

  

گجرات(مرزا نعیم الرحمان)مسلم لیگ ن کے سابق ضلعی صدر تین مرتبہ صوبائی اور ایک مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے ملک محمد حنیف اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ان کے ساتھ بے پناہ زیادتی کی ہے جبکہ ان کے حلقہ کے عوام احساس محرومی کا شکار رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ’’ روزنامہ پاکستان ‘‘ کے فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کی بات کرنے پر انہیں ن لیگ کی ٹکٹ سے محروم کر دیا گیا اور کوشش کی گئی کہ انکا خاندان سیاست سے آؤٹ ہو جائے مگر جسے خدا نہ مارے اسے کوئی اور نہیں مار سکتا وہ بحیثیت آزاد امیدوار حلقہ این اے 71سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ وہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری عابد رضا کو اللہ کی مدد سے شکست فاش سے دوچار کریں گے۔ عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس خدمت سے کوئی بھی سیاسی جماعت انہیں روک نہیں سکتی ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری الیاس اپنے ضلع کے دیگر پی ٹی آئی امیدواروں کے مفادات کا تحفظ نہیں کر سکے تو وہ حلقہ کے عوام کا تحفظ کیا کریں گے۔ وہ جو بھی وعدے کر رہے ہیں وہ جھوٹے ہیں۔ حلقہ کے عوام لالی پاپ دینے والوں سے بخوبی آگاہ ہیں انہوں نے کہا کہ ان کو مختلف سیاسی جماعتوں نے ٹکٹ کی آفر کی جسے انہوں نے قبول نہیں کیا ہاں البتہ وہ منتخب ہو کر عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ وہ انتخابات کے دوران کسی قسم کا کوئی وعدہ نہیں کر رہے کیونکہ علاقے کے لوگوں کو ان کے کردار اور خاندان کی خدمت کا پوری طرح علم ہے ہم برساتی مینڈکوں کی طرح باہر نہیں نکلتے بلکہ ہمارے شب و روز علاقے کے عوام کے لیے وقف ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان نے حلقے کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے اقتدار کبھی ہماری منزل نہیں رہا ہم اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رہتا ہے عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کے بل بوتے اور عوام کی دعاؤں سے مثالی کامیابی حاصل کریں گے ۔

مزید :

علاقائی -