این اے 123میں میدان سج گیا، علاقہ کی ترقی کیلئے امیدواروں کے عوام سے وعدے

این اے 123میں میدان سج گیا، علاقہ کی ترقی کیلئے امیدواروں کے عوام سے وعدے

  

لاہور(شہزاد ملک ) صوبائی دارالحکومت میں قومی اسمبلی کے حلقہ 123میں انتخابی میدان سج گیا ، مسلم لیگ (ن) نے ملک ریاض،تحریک انصاف نے مہرواجد عظیم اور پیپلز پارٹی نے زاہد اقبال ملک کو میدان میں اتار دیا ، انتخابی گہما گہمی مکمل طور پر شروع ہو چکی ہے۔فی الحال مسلم لیگ (ن) کے بعض چیئرمین ،وائس چیئرمین، کونسلرز اور مقامی رہنما اور حلقہ کے عوام سابق ارکان اسمبلی سے نالاں نظرآتے ہیں کیونکہ اس حلقہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جائے تو اس کی پسماندگی ابھی تک باقی ہے۔برکت ٹاؤن ،حاجی کوٹ، کالا خطائی روڈ ،مین شاہدرہ روڈ ،شاہدرہ پنڈ اور دیگر علاقوں کی خستہ حالی پینے کے پانی کی عدم دستیابی اور جگہ جگہ ابلتے گٹرسابق ارکان اسمبلی کیلئے پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں جبکہ اسی حلقہ کی صوبائی نشست سے مسلم لیگ (ن) نے سمیع اللہ خان کو ٹکٹ دیا جن کیخلاف سابق ایم پی اے رانا محمد اقبال کئی مرتبہ احتجاج بھی کر چکے ہیں۔ پی ٹی آئی کے امیدوار مہر واجد عظیم کا اس حلقہ سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ وہ اقبال ٹاؤن کے رہائشی ہیں اورسبزہ زار کی پہچان کے طور پر جانے جاتے ہیں۔تحریک انصاف کے تمام مقامی دھڑے ان کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔پیپلز پارٹی کے امیدوار زاہد اقبال ملک اس حلقہ کے رہائشی ہیں اور وہ اپناکاروبار بھی اس حلقے میں کرتے ہیں تاہم25 جولائی کا فیصلہ کس کے حق میں آئے گا اس کا اختیار عوام کے ووٹ کی پرچی پر ہی منحصر ہے۔

مزید :

علاقائی -