سیاسی حریف ووٹروں کی منتیں کرتے پھر رہے ہیں،غضنفر علی گل
گجرات(بیورورپورٹ)ہمارے سیاسی حریف حلقے میں پاگلوں کی طرح لوگوں کی منتیں کرتے پھر رہے ہیں مگر پھر بھی انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑیگا کیونکہ حلقے کے لوگ بدمعاشی اور غنڈہ گردی کلچر کو کسی صورت فروغ نہیں پانے دیں گے۔ ان خیالات اظہار مسلم لیگ ن کے حلقہ پی پی 68میں امیدوار نوابزادہ غضنفر علی گل نے انتخابی مہم کے دوران حمایتی اکٹھ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران نے کلاشنکوف کلچر اور ہم نے شرافت کا کلچر متعارف کرایا لوگوں کے ہاتھوں میں بندوقیں دینے کی بجائے انہیں روزگار اور بچوں کے ہاتھوں میں کتابیں دیں ہم فروغ تعلیم کے لیے عملی طور پر کام کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام باشعور ہیں مخالفین کا سیاہ دور دوبارہ کبھی نہیں آنے دیں گے نوابزادہ خاندان نے حلقہ این اے 68میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں بھانت بھانت کی بولیاں بولنے والے انتخابات کے قریب نمودار ہو کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتے ہیں مگر پچیس جولائی کا سورج انکی ناکامی اور ہماری کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔