امریکہ میں 242واں یوم آزادی بڑے جوش وخروش سے منایاگیا

امریکہ میں 242واں یوم آزادی بڑے جوش وخروش سے منایاگیا

  

واشنگٹن(اظہر زمان، خصوصی رپورٹ) امریکہ میں تمام شہریوں نے اپنا 242واں یوم آزادی بڑے جوش وخروش سے منایا۔ واشنگٹن سمیت تمام شہروں میں روایتی انداز میں آتش بازی کے مظاہروں میں شہریوں نے بھر پور شرکت کی ،دعوتوں کا اہتمام کیا اور صبح کے وقت جشن آزادی کی پیریڑیوں کو دیکھا۔ اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول ملانیا نے وائٹ ہاؤس میں فوجی خاندانوں کیلئے پکنک کا اہتمام کیا۔ چار جولائی کی روایت کے مطابق واشنگٹن کے ’’نیشنل آرکائیوز‘‘کی عماریت کی سٹرھیوں پر’’اعلان آزادی‘‘ کی دستاویز کو پڑھا گیا۔ عمارت کے اندر آئین کی اصل دستاویز اور ’’بل آف رائٹس‘‘ (Bill of rights)کو نمایاں طور پر آویزاں کیا گیا تھا جسے بڑی تعداد میں شہریوں نے پڑھا۔ دستاویز کے مطالعے کے بعد روایت کے مطابق واشنگٹن کی سب سے بڑی پیر یڈ شروع ہوئی۔ یہ پیریڈ کیپٹل ہل ،و ا ئٹ ہاؤس اور سابق امریکی صدر جارج واشنگٹن کی یادگاروں کے پاس سے گزری۔ شام میں واشنگٹن ڈی میں ایک محفل موسیقی منعقد ہوئی جس میں مختلف بینڈز نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، 4جولائی کو امریکہ کا یوم آزادی اسلئے منایا جاتا ہے کہ 1776ء میں اس دن امریکہ کے ’’اعلان آزادی‘‘ پر دستخط ہوئے تھے اور برطانوی راج کیخلاف امریکی شہریوں کی طویل جدوجہد کامیابی سے ہمکنا ر ہوئی تھی ۔ جس کے بعد ریاست ہائے متحدہ امریکہ برطانوی بادشاہت سے جدا ہوگئی تھی ۔ اس وقت تیرہ کالونیاں برطانیہ سے الگ ہوئی تھیں جو نئے وفاق میں تیرہ ریاستیں بن گئیں جس کے بعد دیگر کالونیاں بھی ریاست کی حیثیت اختیار کرکے وفاقی یونین میں شامل ہوتی رہیں۔

مزید :

علاقائی -