آج آئینی ادارے دست و گریبان پارلیمان کمزورترین ، رضا ربانی

آج آئینی ادارے دست و گریبان پارلیمان کمزورترین ، رضا ربانی

  

اسلام آباد،کراچی (سٹاف رپورٹرز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء میاں رضا ربانی نے کہا ہے آج پاکستان کے آئینی ادارے ایک دو سر ے کے دست و گریبان ہیں،پارلیمان سب سے زیادہ کمزور ہوچکی، باقی تمام ادارے اپنی آئینی حدود سے تجاوز ،دوسرے کے معاملات میں مداخلت کررہے ہیں، ڈیم بنانا اور اس پر اتفاق رائے پیدا کرنا مقننہ اور انتظامیہ کا کام ہے۔ گزشتہ روز پانچ جولائی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا پانچ جولائی کو ضیاء نے ایسا کیا کیا جو پورے ملک کا بیانیہ تبدیل ہوگیا، میں سمجھتا ہوں ریاست کا بیانیہ قائداعظم ؒ کے انتقال کے بعد ہی تبدیل ہو گیا تھاجس کے باعث پاکستان فلاحی ریاست سے نیشنل سکیورٹی اسٹیٹ بن گیا، سامراجی طاقتوں، ہیومن رائٹس چیمپئنز اور امریکہ نے ضیاء کے بیانیہ کو درست کہا اور پاکستانی ریاست کے انسانیت سوز سلوک سیاسی کارکنان کیساتھ جو برتا ؤ پر جان بوجھ کر خاموشی برتی گئی اور نظرانداز کیا۔ ریاست اور ضیاء کی سیاسی سوچ کو دیکھیں اس نے لفظ اقلیتوں کیلئے آزادی عبادت کو جان بوجھ کر نکال دیا یہ تو ہمیں اٹھارویں ترمیم کے وقت پتا چلا اور ہم نے اس کو درست کیا۔ آج ریاست پاکستان اور عوام پاکستان کی سوچ الگ الگ ہے ،ریاست ابھی بھی آزادی سے پہلے والے کالونئیلزم کے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے ،عوام کو محکوم بنایا گیا ہے ،لوگوں سے سچائی چھپائی جاتی ہے ،اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھانے والوں کو جبر اور ظلم سے دبایا جاتا ہے۔ اکائیوں کو حقوق نہیں دئیے جاتے ہیں اس لئے کہ اگر ریاست ان کو ان کے وسائل پہ دسترس دیگی تو ریاست اپنے مالی مقاصد حاصل نہیں کرسکے گی اور ان کے وسائل پہ قبضہ کرکے وہ ان کو اپنے زیر دست رکھنا چاہتی ہے۔ ان کو پھلنے پھولنے سے جان بوجھ کر روکا جاتا ہے۔ ہم نے اپنی تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا۔ پہلا آئینی سوال یہ اٹھا تھا بنگالی زبان کو ملکی زبان کا درجہ دیا جائے لیکن اس سے انکار کردیا گیا،جو تھوڑی بہت صوبوں کو عملی خودمختاری حاصل ہے وہ بھی ریاست سے ہضم نہیں ہورہی وہ بھی واپس لینا چاہتی ہے۔ بلوچستان کی نیشنل پارٹیوں نے اپنے سیاسی کیریئر کو داؤ پہ لگا، اسلام آباد میں بیٹھ کے بات چیت کا ذریعہ اپنایا میرا ان کو سلام ہے۔ یہ ان قوتوں کو باور کرلینا چاہیے اس ملک اور وفاق کی سالمیت کا مستقبل فری اینڈ فیئر الیکشن میں ہے ۔

رضاربانی

مزید :

علاقائی -