گجرات یونیورسٹی کے بعد اب کینسر ہسپتال بھی بنائیں گے: پرویز الٰہی

گجرات یونیورسٹی کے بعد اب کینسر ہسپتال بھی بنائیں گے: پرویز الٰہی

  

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے چک سادہ گجرات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے گجرات میں سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی بنائی اب وہ انشاء اللہ یہاں انجینئرنگ یونیورسٹی، کینسر ہسپتال اور میڈیکل کالج بھی بنائیں گے، دس سال میں شریف خاندان نے ملک اور صوبے کا بیڑا غرق کر دیا ہے، آج ن لیگ کے امیدوار کس منہ سے ووٹ لینے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان نے شہبازشریف کی کرپشن کے پول کھول کر عوام کے سامنے رکھ دئیے ہیں، ہر منصوبے سے کرپشن نکل نکل کر سامنے آ رہی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اعلان کیا کہ منتخب ہونے کے بعد پہلے سے بھی زیادہ عوام کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے خود کہا ہے کہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کو صرف اس لیے بند رکھا گیا کہ اسے چودھری پرویزالٰہی نے بنایا ہے، اب میں خود اپنی نگرانی میں اس ہسپتال کو چلاؤں گا جس پر میں چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ جلسہ گاہ پیدل جاتے ہوئے ایک بزرگ خاتون نے چودھری پرویزالٰہی کو راستے میں روک کر گلے لگایا، ماتھا چوما اور سر پر پیار دیا اور کہا کہ ’’گجرات نوں تیرے ورگا پتر نہیں مل سکدا‘‘۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ان کی سیاست صرف عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہے، 1122 جیسی کوئی ایک سروس شہبازشریف بتا دیں جو انہوں نے بنائی ہو، چک سادہ کی سڑک آج سے دس سال قبل میں نے تعمیر کروائی تھی جو ٹوٹ پھوٹ چکی ہے اسے میں ہی دوبارہ آ کر بنواؤں گا، انہوں نے کہا کہ 1971ء میں چودھری ظہورالٰہی نے سب سے پہلے قادیانیت کے خلاف بل پیش کیا تھا، میں نے آ کر ربوہ کا نام تبدیل کر کے چناب نگر رکھا، ہم ختم نبوت پر مر مٹنے والے لوگ ہیں، ہم نے سیرت اکیڈمی بنائی، قرآن کمپلیکس بنوایا جسے شہبازشریف نے تالا لگوا دیا، سپیشل بچوں کے 170 ادارے بنائے، نابینا افراد کیلئے نوکریوں میں پانچ فیصد کوٹہ مختص کیا، ہر سال 11 لاکھ نوکریاں ہم دے رہے تھے، اگر ہم کامیاب ہو گئے تو ایک بار پھر پڑھا لکھا پنجاب بنائیں گے۔ اس موقع پر میاں عمران مسعود، چیئرمین چودھری اظہر وڑائچ، چودھری ضیاء اللہ وڑائچ نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ سٹیج پر سید سجاد الحسین شاہ، چودھری اظہر وڑائچ (سعودی عرب)، سید تجمل حسین شاہ، چودھری اللہ دتہ، چودھری واجد محمود، حاجی سیٹھ مظفر حسین، ماسٹر افتخار احمد، چودھری قمر نواز وڑائچ اور پی ٹی آئی کے رہنما کبیر چودھری موجود تھے۔

پرویز الٰہی

مزید :

علاقائی -