امیدواروں کو دھمکیاں ، تنگ کرنے کا سلسلہ جاری : بلاول، عوام دھوکا بازوں کے جھانسے میں نہیں آئینگے : زرداری

امیدواروں کو دھمکیاں ، تنگ کرنے کا سلسلہ جاری : بلاول، عوام دھوکا بازوں کے ...

  

سکھر، پنوں عاقل (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ہمیں اپنی جمہوریت کو مضبوط کرنا ہوگا، انتخابی مہم کیلئے اب پنجاب کی طرف جا رہے ہیں، عوام ہمارے ساتھ ہیں، جمہوریت کے بغیر پاکستان مشکل سے مسائل حل کر سکے گا،پارلیمنٹ میں آ کر مسائل کو سامنے لانا چاہتے ہیں۔جمعرات کو پارٹی کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا جمہوریت میں اظہار رائے دہی ہوتی ہے، جمہوریت میں صرف الیکشن ہی نہیں ہوتا، جمہوریت کے بغیر پاکستان مشکل سے مسائل حل کر سکے گا، ہمیں اپنی جمہوریت کو مضبوط کرنا ہو گا، اقتدار کی منتقلی کی طرف جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے کسی 400افراد کیخلاف ایف آئی آر درج نہیں کروائی، احتجاج سب کا حق ہوتا ہے، پتھراؤ احتجاج نہیں ہوتا، جمہوریت میں پر امن احتجاج ہوتا ہے،لیاری کے عوام نے بہت ہی محبت سے ہمارا استقبال کیا، جنہوں نے سازش کی ان کی سازش ناکام رہی، پیپلز پارٹی عوام دوست اور غریبوں کی جماعت ہے ، پیر جوگوٹھ کے عوام نے ہمارا پرجوش استقبال کیا،25جولائی کو کامیابی پیپلز پارٹی کو ملے گی۔ ہماری جماعت کی قیادت کی تیسر ی نسل آج بھی آمریتوں کی باقیات سے نبردآزما ہے۔ ملکی تاریخ میں 5 جولائی کو ہمیشہ یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، آمر ضیاء نے جمہوریت پسند افراد کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا اور قید تنہائی کی سزائیں دے کر ملک سے جمہوریت کا صفایا کرنے کی سازش کی لیکن وہ شہید ذوالفقاربھٹو کا عزم و حوصلہ توڑنے میں ناکام ہوئے جبکہ ذوالفقار بھٹو نے فخر سے پھانسی کا پھندا گلے میں ڈالا۔ ضیاء الحق نے بحالی جمہوریت کی عوامی تحریک کو کچلنے کے لئے سرتوڑ کوششیں کیں، لیکن ناکام ہوئے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے تین آمریتوں کیخلاف لڑائی لڑی اور انہیں شکست دی، آج بھی ہمارے امیدواروں کودھمکیاں دینے اورتنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں پیپلز پا ر ٹی آمریتوں کی باقیات و حواریوں کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں، پیپلزپارٹی کا منشور غریب عوام کیلئے ہے ،ہم جمہوری جدوجہد کوجاری رکھیں گے۔ پیپلزپارٹی کسان دوست اورمزدوردوست پارٹی ہے,عوام 25جولائی کو صرف تیر پر مہر لگائیں گے اور باقی سب کو مسترد کر دیں گے ۔بعدازاں پریس کانفرنس سے خطا ب میں بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا جمہوریت میں مداخلت کی جا رہی ہے ،ہم جمہوریت دشمن قوتوں کو بھر پو ر جواب دیں گے ، کٹھ پتلی اتحاد کے حمایت یافتہ ملک کو خطرات میں ڈال سکتے ہیں ، ہمارے امیدوار سردار محمد بخش کو پارٹی چھوڑنے کی دھمکی دی گئی، پی ٹی آئی کو پیپلزپارٹی بنانے کی کوشش ہو رہی ہے،(ن لیگ پر بھروسہ نہیں کر سکتا وہ دھوکہ دیتے ہیں ۔ عوام نے میری توقعات سے بڑھ کر استقبال کیا ، کٹھ پتلی اتحاد کو بھرپور جواب دیا ہے ، پیپلزپارٹی عوامی منشور کیساتھ الیکشن لڑ رہی ہے ، جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ کٹھ پتلی اتحاد کے حمایت یافتہ ملک کو خطرات میں ڈال سکتے ہیں ، گھوٹکی کی ہر سیٹ سے تیر جیتے گا ،انتخابات شفاف ہوئے تو پیپلزپارٹی ہی جیتے گی۔

بلاول بھٹو

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)سابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کراچی سے سکھر تک عوام کا سمندر بلاول بھٹو زرداری کیساتھ تھا، سخت گرمی اور دھوپ کی شدت کے باوجود عوام نے بلاول بھٹو زرداری کا بیس بیس گھنٹے تک انتظار کیا، بلاول بھٹو زرداری سے عوام کی محبت پیپلزپارٹی کے مخالفین کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔جمعرات کو اپنے ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا جیالے ڈرنے ،بکنے اور نہ ہی جھکنے والے ہیں کیونکہ وہ ایک نظریے سے محبت کرتے ہیں وہ نظریہ ہے عوام کی خدمت،پیپلز پا ر ٹی کے کارکن ، عہدیداراور ہمدرد 25جولائی کے انتخابات جیتنے کیلئے دن رات کام کریں۔ پیپلزپارٹی کا منشور محنت کشوں ،پسے ہوئے طبقا ت سے انصاف کا منشور ہے۔ پیپلزپارٹی کے مخالفین کے پاس عوام کی بھلائی کیلئے کوئی پروگرام نہیں ۔ عوام ان دھوکے بازوں کے جھا نسے میں نہیں آئیں گے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے 1973ء کا آئین اصل صورت میں بحال کیا، اداروں کو باوقار بنایا، صوبوں کو خودمختاری د ی ، این ایف سی ایوارڈ دیا، پختونخوا کو شناخت دی، ن لیگ کی حکومت میں برطرف کئے گئے ہزاروں ملازمین کو بحال کیا، سرکاری ملازمین تنخو ا ہوں میں ریکارڈ اضافہ کیا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب خواتین کی مالی اعانت کی گئی، وسیلہ تعلیم اور وسیلہ روزگار پروگر ا م کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے۔ ابھی بہت سارے کام جن میں غربت کا خاتمہ، غریب عو ا م کی خوشحالی، معاشرے کو جہالت اور شدت پسندانہ رویوں سے پاک کرناابھی باقی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی فلاسفی جو محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن تھا کی تکمیل کرکے مہذب معاشرے اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے کام جاری رکھیں گے۔

زرداری

B

مزید :

صفحہ اول -