نواز شریف پاکستان آئیں اڈیالہ جیل کی منتظر ہے : عمران خان

نواز شریف پاکستان آئیں اڈیالہ جیل کی منتظر ہے : عمران خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ ، اسلام آباد(بیورورپورٹ، سٹاف رپورٹر)چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے انشاء اللہ 25جولائی کو ایک نیا پاکستان دیکھیں گے۔ نیب 25جولائی تک کس قانون کے تحت کرپٹ لوگوں کو نہیں پکڑے گی۔ پاکستان میں میرٹ پر سیاست نہیں ہوتی بلکہ خاندانی سیاست ہوتی ہے۔ یہ کیسی جمہوریت ہے رشتہ داروں کے سوا ان کے پاس کوئی لیڈر نہیں ۔ پاکستان کی سیاست میں رشتے دار بیٹھے ہیں۔ پاکستان کا بچہ بچہ مقروض ،ملک غریب ہو رہا ہے۔ عوام حکمرانوں سے پوچھیں قرضے کا پیسہ کہاں گیا۔مولانا فضل الرحمن مقناطیس ہے جو بھی اقتدار میں آتا ہے اس کیساتھ جڑ جاتا ہے۔ پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی جماعت کرپشن ختم نہیں کر سکتی۔ اقتدار میں آکر کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ گزشتہ روز چارسدہ میں جلسے سے خطاب اور اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا پاکستان کے نوجوانوں کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے کھڑا ہوں۔ نوجوان علامہ اقبال ؒ اور قائداعظم ؒ کے نظریات سے ہدایات لیں۔ باچا خان چارسدہ کے سب سے بڑا لیڈ رتھے تمام اختلافات کے باوجود انہوں نے بہت اچھے کام کئے۔ اے این پی کی لیڈر شپ پاکستان کیخلاف تھی ۔ لیڈر شپ میرٹ پر آتی ہے وہ جدو جہد کر کے آتی ہے۔نواز شریف لیڈر ہی نہیں تھا انہیں جنرل ضیاء سیاست میں لایا۔ سیاست میں آنے کے بعد وہ اپنے بھائی شہباز شریف اور انکے بیٹوں کو سیاست میں لایا۔ ملٹری ڈکٹیٹر شپ کی پیداوار کبھی لیڈر نہیں بن سکتی۔ لاہور میں بارش نے شہباز شریف کے ساری ترقیا تی کاموں کی قلعی کھول کے رکھ دی،ان کی ساری ترقی اخبار میں اشتہار ات پر مبنی ۔پختونخوا سے تین گنا لاہور کا بجٹ ہوتا ہے۔ شہباز شریف وزیراعظم بننے کی تیاری کر رہے ہیں۔ مریم نواز بھی پاکستان کی وزیراعظم بننا چاہتی ہیں۔ پاکستان میں میرٹ کا قتل عام کیا۔ میرٹ کا نظام نہ ہونے سے قومی ادارے تباہ ہوئے۔ ڈالر کی قیمت124تک پہنچ گئی ۔ ملک کے حکمران پیسہ چوری کر کے باہر کے ملکوں میں بھیج رہے ہیں۔ حکمرانوں نے ریکارڈ قرضے لئے مگرکوئی ڈیم بنا نہ بجلی کی صورتحال ٹھیک ہوئی۔ عوام ان تمام چیزوں کا خیال رکھتے ہوئے آئندہ انتخابات میں اپنا فرض ادا کرنا ہے۔ نواز شریف قومی مجرم ہیں ملک کے اربوں روپے چوری کئے ہیں۔ ہزار روپے چوری کرنے والا جیل میں لیکن 300ارب روپے چوری کرنیوالا آزاد ہے۔ پاکستان میں عام چور کو برا بھلا کہتے ہیں وی آئی پی ڈاکو کو چالیس گاڑیوں کا پروٹوکول دیتے ہیں۔ نیب اسے باہر جانے دیتی ہے۔ اقتدار میں آ کر سب سے پہلے ملکی اداروں کو ٹھیک کریں گے۔ 2سال میں 8ارب روپے جمع کر کے دیکھاؤں گا۔ پی ٹی آئی کا مقابلہ خاندانی سیاست سے ہے۔ ہر مشکل کے بعد آسانی ہے،انشاء اللہ اب پاکستان کو درپیش مشکل ختم ہونیوالی ہے۔ آ پ سب کو 25جولائی کو میرے لئے اپنے مستقبل کیلئے نکلنا ہو گا۔ نوازشریف کا فیصلہ آج آرہا ہے لہٰذا وہ پاکستان ائیں کیونکہ اڈیالہ جیل ان کا انتظار کررہی ہے۔نواز شر یف کہہ رہے ہیں خود آکر فیصلہ سنوں گا، آپ اخباروں میں یہ فیصلہ پڑھیں گے، ہم انتظار کریں گے، پاکستان آؤ کیونکہ اڈیالہ جیل آپ کا انتظار کررہی ہے۔قانون اندھا ہوتا ہے اور سب کیلئے ایک ہوتا ہے، کیا یہ رعایت ایک عام مجرم کو بھی ملتی ہے؟ جہاں کمزور اور طاقتور کیلئے قانون میں فرق ہو وہاں بڑی قومیں برباد ہوتی ہیں۔ نیب کا کہنا بالکل ایسا ہے جیسے دو ٹیمیں میچ کھیل رہی ہیں اور ایک ٹیم میں میچ فکسر پکڑا گیا، اب کہہ رہے ہیں اسے اسلئے میچ سے نہیں نکالو کہ میچ خراب ہوجائے گا، اس کی سمجھ نہیں آرہی، یہ پاگلوں والی بات ہے اور اس میں کوئی قانون نہیں۔ہم خود اپنے ملک کو بنانا ری پبلک بنا ر ہے ہیں، قانون کسی میں امتیاز نہیں کرتا، قانون جب ہوتا ہے جب سب کیلئے ایک ہو، قانو اسلئے نہیں ہوتا کہ طاقتور کو کچھ نہ کیا جائے، جیلوں کے اندر صرف غریب لوگ نظر آتے ہیں، سارے ڈاکو تو اسمبلیوں میں جاتے ہیں،ظفر علی شاہ نے کبھی نواز شریف کا دفاع نہیں کیاان کی عزت کرتے تھے کیونکہ یہ کرپٹ نہیں ہیں، ظفر علی شاہ کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں، جمہوریت میں ہر فرد کا اپنا نظریہ ہوتا ہے اور یہی جمہوریت کا حسن ہے۔دریں اثناء پاک پتن مزار پر دورے کے حوالے سے جاری بیان میں عمران خان نے کہا مر شد سے عشق اور عقیدت کے اظہار کو شرک نہیں کہا جا سکتا، اقبال کو پڑھیں تو عشق کے متعلق پتہ چلے گا،کلمہ گو شرک کیسے کر سکتا ہے۔ پاک پتن مزار پر دورے کے حوالے سے جاری بیان میں انکا کہنا تھا دین کے متعلق میرا بہت زیادہ مطالعہ ہے، بابا فریدؒ ، شمس تبریزؒ جیسے لوگوں کی وجہ سے دین پھیلا، بابا فریدؒ سے میری عقیدت ہے۔
عمران خان

مزید :

صفحہ اول -