ٹی وی چینلز پرالیکشن نتائج شام 7بجے سے پہلے نشر کرنے پر پابندی عائد

ٹی وی چینلز پرالیکشن نتائج شام 7بجے سے پہلے نشر کرنے پر پابندی عائد

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے نتائج ٹی وی چینلز پر شام 7بجے سے پہلے نشر کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے پیمرا کو ہدایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے میڈیا کیلئے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔جمعرات کے روز چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ اور ایگزیکٹو ممبر پیمرا ا شفاق جمانی نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس محمد رضا اور سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب ملک سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ،اس موقع پرچیئرمین پیمرا نے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق برا ئے میڈیا پر مکمل عملدرآمد کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے پیمرا کے توسط سے میڈیا کو درخواست کی کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد ممکن بنایا جائے،ضابطہ اخلاق کی رو سے شام 7 بجے سے قبل کسی بھی رزلٹ کی اناؤنسمٹ پر پابندی ہوگی ،مزید برآں الیکشن کمیشن نے اس مرتبہ ایک میڈیا سیل بھی قائم کیا ہے جہاں میڈیا کو بروقت اور مستند رزلٹ فراہم کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے گئے ہیں،ملاقات میں انتخابات کے مکمل شفاف او ر غیر جانبدارانہ انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

نتائج پابندی

مزید :

صفحہ اول -