چکوال، این اے 64پی ٹی آئی امیدوار سردار غلام عباس، آفتاب اکبر نااہل قرار

چکوال، این اے 64پی ٹی آئی امیدوار سردار غلام عباس، آفتاب اکبر نااہل قرار

  

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے امیدواران حلقہ این اے64سردار غلام عباس اور سردار آفتاب اکبر کی اپیل لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے جمعرات کے روز مسترد کردی۔ سردار غلام عباس اور سردار آفتاب اکبر نے ایپلٹ ٹربیونل کے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا جس نے سردار غلام عباس اور سردار آفتاب اکبر نے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دے دیا تھا۔ ایپلٹ بینچ نے دونوں سرداروں کو اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دیا۔ سردار غلام عباس اور سردار آفتاب اکبر نے ایپلٹ ٹربیونل کے اس فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، مقدمے کی سماعت تین دن تک ہوئی، ڈویژن بینچ جسٹس مظاہر اکبر نقوی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل تھا۔ ڈویژن بینچ نے گزشتہ روز فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ فیصلے میں ڈویژن بینچ نے لکھا کہ سردار غلام عباس دو بار ضلع ناظم رہے اور وہ آسائشانہ زندگی گزار رہے ہیں اور انہوں نے کوئی ٹیکس بھی ادا نہیں کیا حتیٰ کے انہوں نے این ٹی این نمبر بھی حاصل نہیں کر رکھا۔ ڈویژن بینچ کے فیصلے کے بعد سردار غلام عباس حلقہ این اے64میں الیکشن کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔ سردار غلام عباس کے کاغذات نامزدگی جب ایپلٹ ٹربیونل نے مسترد کیے تو پاکستان تحریک انصاف نے آخری لمحے میں مسلم لیگ ن کے حلقہ پی پی23کے امیدوار سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کو این اے64کا ٹکٹ دیکر اپنا امیدوار نامزد کردیا۔ بہرحال اس نشست پر مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے سردار ذوالفقار دلہہ اور مسلم لیگ ن کے میجر (ر) طاہراقبال کے درمیان ہے اور سردار غلام عباس کی حمایت اس حلقے میں کامیابی کیلئے بڑی اہم ہوگی۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -