سخاکوٹ ،پی کے 19 ملاکنڈ کے درجنوں خاندان پی ٹی آئی میں شامل
سخاکوٹ( نمائندہ پاکستان) صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 19ملاکنڈ میں درجنوں خاندانوں نے اپنے اپنے جماعتوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔ اس سلسلے میں یونین کونسل گھڑی عثمانی خیل میں ایک بڑا اجتماع منعقد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پی کے19سے نامزد اُمیدوار پیر مصور خان غازی تھے ۔ اجتماع سے این اے 8سے نامزد اُمیدوار جنید اکبر خان ، سابق اُمیدوار تحصیل کونسل ناہید خان ایڈوکیٹ ،یوتھ ونگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری ارشاد علی خان ، اجمل خان ایڈوکیٹ ،سید جمال شاہ بنوری ،حارث ساگر ، دلدار خان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔ پیر مصور خان غازی اور جنید اکبر خان نے کہا کہ مستقبل تحریک انصاف کا ہے اور انشاء اﷲ ملاکنڈ کے تینوں نشستوں پر پی ٹی آئی کے اُمیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے کیونکہ عوام نے باقی تمام جماعتوں کو آزما لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے لئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں ۔