’’الیکشن گائیڈ‘ پاکستان میں انتخابات سے متعلق ضروری معلومات کا اجراء

’’الیکشن گائیڈ‘ پاکستان میں انتخابات سے متعلق ضروری معلومات کا اجراء

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ڈیموکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارہ (یو این ڈی پی) کے اشتراک سے ’’الیکشن گائیڈ‘ پاکستان میں 2018ء کے عام انتخابات سے متعلق ضروری معلومات‘‘ کا اجراء یہاں جمعرات کو اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں کیا۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں انتخابی ڈھانچے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور ملکی و غیرملکی مبصرین‘ میڈیا اور سول سوسائٹی کو انتخابی عمل سے متعلق معلومات تک رسائی کے ذریعے سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈی آر آئی کے پاکستان میں نمائندہ جاوید ملک نے کہا کہ الیکشن گائیڈ پاکستان میں انتخابی فریم ورک کے اہم اجزاء کا خلاصہ فراہم کرتا ہے۔ اس گائیڈ کی بنیاد انتخابات ایکٹ 2017ء کے ذریعے قانونی ڈھانچے میں لائی جانے والی اصلاحات پر ہے جو اس ضمن میں مختلف سیاسی جماعتوں کی طویل کاوشوں کا ثمر ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ الیکشن گائیڈ میں فراہم کی گئی معلومات پاکستان میں انتخابی عمل کے حوالے سے بامعنی مکالمہ میں معاونت فراہم کریں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان انتہائی منظم طریقے سے منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے شاندار انتظامات کیے گئے ہیں اور اب ان سے متوقع نتائج کے حصول کا وقت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن گائیڈ اس مقصد کے حصول میں تمام فریقین کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔ یو این ڈی پی کے چیف تیکنیکل ایڈوائیزر ڈیرن نینس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی عمل کی شفافیت‘ اس میں تمام اہل ووٹروں کی شرکت اور عوامی رسائی میں اضافہ کی خاطر مثبت اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن گائیڈ پاکستان کے انتخابی عمل پر ہونے والی تحقیق کے ضمن میں معلومات کا بنیادی ذریعہ ثابت ہوگا۔ الیکشن گائیڈ میں انتخابی عمل کے تمام مراحل کے ضمن میں پاکستان کے قانونی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معیارات کا حوالہ دیا گیا ہے۔ پاکستان میں انتخابی عمل کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے تفصیلی معلومات کی متعلقہ فریقین کو فراہمی کیلئے معلومات کے مزید ذرائع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کتابچہ نگراں حکومتوں‘ انتخابی فہرستوں‘ حلقہ بندی‘ انتخابی تنازعات کے تصفیحہ‘ انتخابات کے دوران سیکورٹی کے سلسلے میں معلومات بھی بہم پہنچائی گئی ہیں۔انتخابی عمل میں پسماندہ طبقات کی شرکت کو بڑھانے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے عزم کے پیش نظر اس معلوماتی کتابچہ میں خواتین‘ اقلیتوں اور خصوصی افراد کی شرکت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے کردار کے اہمیت کے پیش نظر عام انتخابات کی کوریج کے سلسلے میں مفید مشورے اور قابل غور امور کی نشاندہی بھی اس کتابچہ میں کی گئی ہے۔ الیکشن گائیڈ انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں موبائل فون ایپلیکیشن "Election Guide 2018" کی شکل میں اور (اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں سے مطابقت رکھنے والے) موجود ہے اس کے ساتھ ساتھ اسے آسانی کے ساتھ اس لنک https://www.electionsguide.com.pk f پر بھی ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -