غیر منصفانہ تقسیم نے عوام کو پانی سے محروم کیا ہے،حافظ نعیم الرحمن

غیر منصفانہ تقسیم نے عوام کو پانی سے محروم کیا ہے،حافظ نعیم الرحمن

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر و صدر متحدہ مجلس عمل کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اپنے حلقہ انتخاب پی ایس 129میں کٹی پہاڑی سے ڈی سلویٰ یوسی 20پہاڑ گنج کا دورہ کیا ،ائمہ مساجد ، علمائے کرام اور عوام سے ملاقاتیں کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کرسچن کالونی کا بھی دورہ کیااور اقلیتی برادری کے افراد سے ملاقاتیں کی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، جماعت اسلامی اقلیتی ونگ کے رہنما سیموئیل نذیربھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے مدرسہ زبیر یوسی 20پہاڑ گنج میں علماء کرام کے اجلاس میں بھی شرکت کی اور خطاب کیا۔انہوں نے علاقے کی مارکیٹ میں دکانداروں سے بھی ملاقاتیں کی اور ان کے مسائل معلوم کیے۔علماء کرام ،اقلیتی برادری اور عوام نے مجلس عمل کے امیدواروں کا بھرپورخیر مقدم کیا اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔حافظ نعیم الرحمن نے عوام اور اقلیتی افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ماضی کی حکمران جماعتیں جنہوں نے اپنے ذاتی مفاد کی خاظر عوام کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کر کے رکھا آج الیکشن کے موقع پر اپنے مفاد کی خاطر اتحادی بن گئی ہیں۔کراچی میں پانی کا مسئلہ بہت زیادہ ہے۔ نارتھ ناظم آباد کے ان علاقوں میں بھی پانی کی شدید قلت ہے اور اس کی بنیادی وجہ واٹر بورڈ اور حکومت کی نااہلی اور ناقص کاکردگی ہے، پانی کی غیر منصفانہ تقسیم اور ٹینکر مافیا کی سرپرستی نے عام شہریوں کو پانی سے محروم کردیا ہے اور عوام مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔انتخابات سے قبل ہم ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات کریں گے جس میں یوسی 20پہاڑ گنج سمیت دیگر مضافاتی علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف بات کریں گے اور ترجیحی بنیاد پر مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسائل حل کرنے کے لیے آج تک کسی پارٹی نے کوئی احتجاج اور کوشش نہیں کی۔ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کراچی کے عوام کے مسائل حل کرسکتی تھیں مگر انہوں نے لوٹ مار ، اقربا پروری اور عوام کا استحصال کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔یہ جماعتیں آئندہ بھی عوام کے مسائل حل نہیں کریں گی ،عوام ان کو مسترد کردیں۔انہوں نے کہاکہ عوام جماعت اسلامی کے کردار سے واقف ہیں جب بھی عوام پر مشکل وقت آیا ہے جماعت اسلامی کے لوگ مدد کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔حکومت میں نہ ہونے کے باوجود ہم نے کے الیکٹرک ، نادرا اور واٹر بورڈ انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی ظلم و زیادیوں کے خلاف عوام کی آواز بن کر ہر سطح پر آواز اٹھائی اور مسائل حل کرائے۔ کراچی کی عوام کو چاہیے کہ ووٹ زیادہ سے زیادہ ڈالیں اورمتحدہ مجلس عمل کی دیانتدار قیادت اور امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔دریں اثناء حافظ نعیم الرحمن نے علماء کرام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج علماء کرام کا بھرپور اتحاد اور مجلس عمل کا قیام اتحاد امت کا مظہر ہے۔دینی جماعتیں ہی ملک میں اسلامی نظام نافذ کرسکتی ہیں۔ ہمیں اسی اتحاد کی برکت سے آگے بڑھنا ہوگا ،ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے کرپٹ حکمرانوں کے خلاف آواز اٹھانا ہوگی اور انتخابات میں ملک کے آئین 62,63پر اترنے والے امیدواروں کو کامیاب کرانا ہوگا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -