جنوبی افریقہ ،گینڈے کے شکاری، خود شیر کا شکار بن گئے

جنوبی افریقہ ،گینڈے کے شکاری، خود شیر کا شکار بن گئے
جنوبی افریقہ ،گینڈے کے شکاری، خود شیر کا شکار بن گئے

  

کیپ ٹاؤن (اے این این)جنوبی افریقہ میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک گیم ریزروو میں شیروں نے گینڈے کے کم از کم 2 مشتبہ شکاریوں کو جان سے مارنے کے بعد کھا لیا ۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جنگلات کے تحفظ پر مامور2 اہلکاروں کو ممکنہ طور پر3 افراد کی باقیات سیبویا ریزروو میں شیروں کے علاقے کے پاس سے ملی ہیں۔اسی مقام سے ایک ہائی پاوور رائفل اور ایک کلہاڑی بھی ملی ہے۔ایشیا کے بعض ممالک میں گینڈے کے سینگھوں کی بڑھتی مانگ کو پورا کرنے کے لیے حالیہ سالوں کے دوران افریقہ میں شکار میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔سیبویا ریزروو کے مالک نک فاکس نے بتایاکہ یہ افراد بہت سے شیروں میں پھنس گئے، شیر بہت زیادہ تھے اس لیے انھیں زیادہ وقت نہیں ملا۔کار کی روک تھام کے لیے کام کرنے والی ٹیم وہاں پہنچی تو انھیں شکار کے لیے استعمال ہونے والی رائفل ملی جس پر سائلنسر لگا تھا، ایک بڑی کلہاڑی، تاریں کاٹنے والا آلہ، جو عام طور پر گینڈوں کے شکاری استعمال کرتے ہیں وہاں سے ملے۔

نک فاکس نے مزید بتایا کہ ان افراد کی باقیات کو وہاں سے اٹھانے کیلئے بہت سے شیروں کو پہلے بیہو ش کرنا پڑے گا۔پولیس آس پاس کے علاقوں کا دورہ کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ شاید ان مشتبہ شکاریوں میں سے کوئی بچا یا نہیں۔واضح رہے کہ صرف رواں سال مشرقی کیپ صوبے میں9 گینڈوں کو شکاریوں نے مارا، جبکہ جنوبی افریقہ میں گذشتہ10 سالوں میں7 ہزار سے زائد گینڈے مارے جا چکے ہیں۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -بین الاقوامی -