تربیلا جھیل، کشتی کا افسوسناک حادثہ!

تربیلا جھیل، کشتی کا افسوسناک حادثہ!

تربیلا جھیل میں کشتی الٹ جانے سے قریباً دو درجن سے زائد افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، جبکہ گیارہ افراد کو بچا لیا گیا اور پندرہ افراد نے خود تیر کر جان بچائی، یہ حادثہ لالچ کے باعث پیش آیا کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ لوگ اور جانور لاد لئے گئے۔ خبروں کے مطابق کشتی میں نہ صرف قریباً 60افراد سوار تھے بلکہ اس میں مال مویشی کی صورت میں بکریوں اور بھینسوں کے ساتھ لوگوں کا سامان بھی تھا۔ جھیل میں آنے والے دریا میں بھی ہلکی طغیانی تھی۔ بتایاگیا ہے کہ دوران سفر جانوروں کو قابو نہ رکھا جا سکا اور ان کے ایک طرف جانے اور ہلنے جلنے سے کشتی کا توازن خراب ہوا اور یہ گر گئی۔ یہ افسوسناک حادثہ ہے جو اگر کشتی والوں کے لالچ اور لوگوں کے سفر کو ملتوی نہ کرنے کی وجہ سے پیش آیا اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ کو بھی ذمہ دار قرار دیا جائے گا کہ ساحل پر ایسا انتظام کیوں نہ کیا گیا کہ کشتیاں اوورلوڈ ہو کر نہ چلیں اور یہ بھی یقین ہونا چاہیے کہ کشتی میں حفاظتی آلات و سامان بھی ہو، جاں بحق اور متاثرین سے دلی ہمدردی کے ساتھ یہ دعا کی جاتی ہے کہ اللہ زیادہ لوگوں کی جان کو تحفظ دے اور جاں بحق ہونے والوں کی نعشیں جلد مل جائیں۔

مزید : رائے /اداریہ