وومن یونیورسٹی صوابی پولیس کی تربیت کیلئے بروقت تیار ہے ، پروفیسر فاطمہ خٹک

وومن یونیورسٹی صوابی پولیس کی تربیت کیلئے بروقت تیار ہے ، پروفیسر فاطمہ ...

صوابی( بیورورپورٹ) وومین یونیورسٹی صوابی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خانزادی فاطمہ خٹک نے یونیورسٹی میں کمیونٹی ڈیویلپمنٹ سنٹر وومین یونیورسٹی صوابی کی جانب سے منعقدہ صوابی پولیس کی تربیت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وومین یونیورسٹی صوابی، صوابی پولیس کی تربیت کے لئے ہر وقت تیار ہے دونوں اداروں کے مابین باہمی روابط ضلع صوابی کے لئے ایک اچھی پیش رفت ہے ۔ یونیورسٹی میں گزشتہ روز ہونے والی تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی سید خالدہمدانی نے بھی شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خانزادی فاطمہ خٹک کا کہنا تھا کہ پولیس ایک ایسا ادارہ ہے جس پر ساری قوم کی نظریں ہوتی ہیں ۔ نامساعد حالات میں پولیس کا ہر جگہ پہنچنا اولین ذمہ داری ہوتی ہے ۔ اور ان کا عوام کے ساتھ ہر وقت رابطہ رہتا ہے ۔ اس لئے ضروری ہے کہ پولیس اچھے ابلاغ رکھتا ہو جس کے لئے تعلیمی ادارے بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ آج کا یہ سیشن بھی اس کی کڑی ہے کہ پولیس کو اچھے ابلاغ کے طریقے بتائے جائیں کہ عوام کیوں پولیس سے بدظن ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یو نیورسٹی پولیس کی تربیت کے لئے اورمواقع بھی مہیا کرے گی ۔ اس موقع پر ڈی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ سب اداروں میں پولیس کوسب سے زیادہ تربیت کی ضرورت ہے اس لئے ہم اس سیشن میں موجود ہیں ۔ آج یہاں میرے سپاہیوں نے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ اور امید رکھتا ہوں کہ مستقبل میں اور موضوعات پر بھی ہمارے جوانوں کے لئے تربیتی سیشن رکھے جائیں گے تاکہ ہمارے جوانوں کاجذبہ برقرار رہے ۔ اس موقع پر تربیت حاصل کرنے والے پولیس اہلکاروں میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے گئے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...