حادثاتی چیئرمین نے جمہوریت دیکھی نہ اسے آمریت کا کوئی علم،مراد سعید
اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پرچی والے حادثاتی چیئرمین نے جمہوریت دیکھی نہ اسے آمریت کا کوئی علم ہے، پرچی چیئرمین کے والد کی جمہوریت لوٹ مار سے شروع کرپشن پر ختم ہوتی ہے، اب گڑھی خدا بخش کی نہیں حقیقی جمہوریت کا آغاز ہو چکا ہے،اب جمہوریت پانامے، اقامے، جعلی اکانٹس اور اومنی جیسی وارداتوں کا نہیں عوام کی خوشحالی کی راہ ہموار کرے گی۔گزشتہ روزپیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی پشاور میں پریس کانفرنس پر ردعمل کا ظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا کہ آمریت سامنے آئے تو پرچی والے چیئرمین کی جماعت این آر او ڈھونڈتی ہے۔انہوں نے کہا کہ باپ بیٹے پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اب گڑھی خدا بخش کی نہیں حقیقی جمہوریت کا آغاز ہو چکا ہے، اب جمہوریت عوام کو لوٹنے کا نہیں عوام کو اقتدار میں شریک کرنے کا نام ہے، اب جمہوریت چوروں کو این آر او دینے کا نہیں انکے بے لاگ احتساب کا نام ہے، اب جمہوریت پانامے، اقامے، جعلی اکانٹس اور اومنی جیسی وارداتوں کا نہیں عوام کی خوشحالی کی راہ ہموار کرے گی، اب جمہوریت والد اور پھوپھی کی چوری بچانے کیلئے ڈھال بننے کی بجائے قوم کی لوٹی گئی دولت کی وطن واپسی کا ذریعہ بنے گی، باپ کو این آر او ملے گا نہ بیٹے کی پانامہ کوئین سے ملکر کی جانے والے سازش چلے گی، عوام باشعور، جمہوریت توانا اور حکومت قانون کے نفاذ کے لئے پوری طرح متحرک ہے، عوام سے مشکلات کا بوجھ بھی اترے گا اور ملک بھی انشااللہ تیزی سے آگے بڑھے گا۔
مراد سعید