پیسوں کی وجہ سے ہاکی فیڈریشن میں سیاست آگئی: مدثر اصغر
لاہور( سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکرٹری کرنل (ر) مدثر اصغر نے کہا ہے کہ پیسوں کی وجہ سے ہاکی فیڈریشن میں سیاست آگئی،خالد سجاد کھوکھر اور آصف باجوہ سمیت دوسرے لوگ پاکستان ہاکی میں بہتری لانے کے اہل نہیں، صدر اور سیکرٹری کا عہدہ اعزازی ہونا چاہیے۔نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے بھی جب آصف باجوہ ہاکی فیڈریشن میں آئے تواس وقت بھی ان کا آنا غلط تھا، وہ کبھی کوچ اور کبھی سیکرٹری بن کر سامنے آے لیکن نتائج سب کے سامنے ہے،ان لوگوں کی موجودگی میں دودہائیوں سے قومی کھیل ہاکی کی بہتری کے لیے کوئی کام نہیں ہوا اور مستقبل میں بھی ان سے کوئی امید نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ان سے پہلے شہباز سینئر بھی ناکام رہے، وہ بہت اچھے کھلاڑی تھے لیکن وہ اچھے ایڈمنسٹریٹر ثابت نہیں ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں فیڈریشن کا صدر یا سیکرٹری معاوضہ نہیں لیتے تھے، میری تجویز ہے کہ یہ عہدے اعزازی ہونے چاہئیں،گرلاکھوں روپے تنخواہیں ہی دینی ہیں تو وہ باہر سے لوگوں کو معاملات کی بہتری کے لیے لانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ منتظمین کچھ نہیں کر سکتے جبکہ ہاکی کی اچھی ٹیم بنانے کے لیے سالانہ کم از کم ایک ارب درکار ہیں جو اکٹھا کرنا ان کے بس کی بات نہیں ہے قومی کھیل کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے اس سے کبھی بھی اس کی ترقی ممکن نہیں ہوگی۔