سائیکلسٹ کو ٹکر مارکر ہلاک کرنے پر کوشل مینڈس گرفتار

  سائیکلسٹ کو ٹکر مارکر ہلاک کرنے پر کوشل مینڈس گرفتار

  

کولمبو(آئی این پی)سری لنکن کرکٹر کوشل مینڈس کی کار کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے میڈیا یونٹ نے واقعے کی تصدیق کی کہ یہ حادثہ کولمبو کے جنوب میں واقع پنادورا میں رونما ہوا جس سے ایک مقامی شخص زخمی ہو گیا۔واقعہ صبح 5 بجے رونما ہوا جس کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 64 سالہ سائیکلسٹ کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔کوشل مینڈس کو ممکنہ طور پر آئندہ 48 گھنٹوں میں پنادورا مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا جبکہ پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔پولیس کے ابتدائی بیان میں اس بات کا کوئی عندیا نہیں دیا گیا کہ مینڈس یا ہلاک شخص الکہل کے زیر اثر تھے۔سری لنکا میں کورونا وائرس کے سبب نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کوشل مینڈس سڑک پر ڈرائیو کرنے کے لیے نکلے تھے۔وہ پالے کیلی میں جاری سری لنکن ٹیم کے کیمپ کا حصہ تھے جس کا خاتمہ بدھ کو ہورہا ہے اور اس طرح سے ان کی اب مستقبل میں ٹیم میں شمولیت بھی سوالیہ نشان بن گئی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اس واقعہ کے بعد ان کا کرکٹ کیرئیر بھی داؤ پر لگ گیا ہے جس کا ان کو مستقبل میں نقصان ہوگا۔25سالہ وکٹ کیپر بلے باز 44 ٹیسٹ اور 76 ون ڈے میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں اور مجموعی طور پر 5ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں جبکہ وہ 26 ٹی 20 میچوں میں بھی سری لنکا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -