اپوزیشن کا کورونا کی وباء پر مایوسی پھیلانے کا پراپیگنڈا دم توڑ گیا: ترجمان پنجاب حکومت

اپوزیشن کا کورونا کی وباء پر مایوسی پھیلانے کا پراپیگنڈا دم توڑ گیا: ترجمان ...

  

لاہور (آن لائن)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں،وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت کورونا وائرس کی وباء کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام اداروں کو پہلے دن کی طرح الرٹ رہنے اور اقدامات اٹھانے کی ہدایات ہیں، اپوزیشن کا کورونا وائرس کی وباء پر مایوسی پھیلانے کا پراپیگنڈا دم توڑ گیاہے اور انہیں منہ کی کھانا پڑی ہے۔ میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت ٹیسٹنگ کی استعداد میں بتدریج اضافہ کر رہی ہے اور ہسپتالوں میں بھی ہر طرح کی تیاریاں مکمل رکھی گئی ہیں، سمارٹ لاک ڈاؤن کے علاقوں سے سیمپلنگ کی رپورٹس آنا شروع ہوگئی ہیں جس کے انتہائی حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو اپوزیشن سمارٹ لاک ڈاؤن پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی تھی آج مثبت نتائج برآمد ہونے پر اسے سانپ سونگھ گیاہے۔ حالات میں قدرے بہتری آنے کے باوجود حکومت کسی طرح غفلت او ر سستی کا مظاہرہ نہیں کرے گی بلکہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایات ہیں کہ جب تک کورونا وباء کامکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا تمام ادارے پہلے دن کی طرح الرٹ رہیں۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن کا کورونا وباء پر مایوسی پھیلانے کا پراپیگنڈے دم توڑ گیا ہے جس کے بعد اپوزیشن بے حال ہے اور انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہی،اپوزیشن کو مشورہ ہے کہ اپنی توانائیاں مایوسی پھیلانے پر خرچ کرنے کی بجائے 2023ء تک آرام کرے اور پھر تازہ دم ہو کر شکست کھانے کیلئے میدان میں اترے۔

ترجمان پنجاب حکومت

مزید :

صفحہ آخر -