ایران میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس سے زہریلی گیس کا اخراج،70کارکن متاثر

ایران میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس سے زہریلی گیس کا اخراج،70کارکن متاثر

  

تہران (این این آئی)عرب اکثریتی صوبے اھواز کے جنوبی شہر معشور میں کارون پیٹرو کیمیکل کمپلیکس سے زہریلی کلورین گیس خارج ہوئی ہے جس کے نتیجے میں کمپلیکس میں کام کرنے والے 70 کارکن متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے بعض کو موقعے فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہے جب کہ بعض اسپتالوں میں طبی امداد کے لیے جایا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایک ویڈیو کلپ میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس اسپتال کے کمروں اور راہداریوں میں موجود درجنوں کارکن دکھائے گئے، جن کو ابتدائی طبی امداد دی جارہی ہے۔پیٹرو کیمیکل اکنامک زون کی ہنگامی کمیٹی کے ترجمان محسن ادیبی نے ایرانی میڈیا کو بتایا کارون پیٹرو کیمیکل کمپلیکس سے کلورین گیس کے اخراج کے بعد ریسکیو اور فائر فائٹنگ یونٹ اس جگہ روانہ کردیئے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کلورین گیس کے اخراج سے درجنوں ملازمین کو سانس لینے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہیں فوری طورپر اسپتالوں میں بھیجا گیا ہے۔ادیبی کے مطابق، پیٹرو کیمیکل اسٹورز میں گیس ذخیرہ کرنے کے عمل کے دوران کلورین آئسوٹینک گیس لیک ہوئی تاہم اب اس پر قابو پالیا گیا ہے۔خیال رہے کہ ایران میں دس روز میں یہ اپنی نوعیت کا چھٹا "پراسرار" واقعہ ہے۔ اس سے قبل تہران کے مشرق میں خجیر ائیر بیس کو 26 جون کو ایک بڑے دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ شیراز پاور اسٹیشن پر اسی روز اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔30 جون کو تہران کے شمال میں میڈیکل سینٹر میں ہونے والے ایک دھماکے میں 19 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔2 جولائی کو نتنز جوہری مرکز میں بڑے پیمانے پر دھماکے ہوئے جس کی وجہ سے یورینیم کی افزودگی کے لیے ایک سنٹرفیوج سائٹ پر آگ لگ گئی۔ہفتے کی صبح، اہواز شہر میں الزرقان پاور پلانٹ میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی جس نے اسٹیشن کا ایک بڑا حصہ تباہ کردیا تھا۔

ایران زہریلی گیس

مزید :

صفحہ آخر -