مغلپورہ، ضمانت پر رہا معطل پولیس اہلکار کو اس کے دوست سمیت قتل کر دیا گیا

مغلپورہ، ضمانت پر رہا معطل پولیس اہلکار کو اس کے دوست سمیت قتل کر دیا گیا

  

لاہور(کرائم رپورٹر) رات گئے مغلپورہ کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی سوار 2 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر ڈالا۔ جن افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ان میں 32سالہ محمد کاشف اور40سالہ کاشف محمودشامل ہیں جبکہ ان کا ایک ساتھی زوہیب شدید زخمی ہو گیا۔ ایس ایچ او ہربنس پورہ کے مطابق قتل ہونے والا ایک شخص محمد کاشف پولیس ملازم ہے جبکہ دوسرا قتل ہونے والا کاشف محمود اس کا دوست تھا۔ زخمی مقتول کانسٹیبل کا کرایہ دارہے۔پولیس کے مطابق کچھ عرصہ قبل مغلپورہ کے علاقہ میں مقتول کاشف کے ماموں صابرکو قتل کر دیا گیا تھا۔ اور اس کے بیٹوں کو شبہ تھا کہ یہ قتل کا نسٹیبل کاشف نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے کیا ہے۔ سی آئی اے غازی آباد پولیس نے ماموں کے قتل کے الزام میں بھانجے کاشف کو حراست میں لیکر جیل بھجوایا جو ان دنوں ضمانت پر تھا پولیس کے مطابق دوہرے قتل کی یہ واردات صابر کے بیٹوں عمران، رضوان اور رحمان وغیرہ نے کی ہے،پولیس نے قتل ہونے والے دونوں افراد کی لاشیں مردہ خانے بھجوا دی ہیں۔ مقتول کا شف ہربنس کا رہائشی جنوبی چھاؤنی میں پولیس ملازم تھا اور ماموں کے قتل کے الزام میں گرفتار ہونے کے بعد اسے معطل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی جانب سے ابھی درخواست موصول نہیں ہوئی جیسے ہی درخواست موصول ہو ئی مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔

دوہرا قتل

مزید :

صفحہ آخر -