وفاق المدارس ”حکومتی اجازت“ سے طلبہ کے امتحانات لینے کا اعلان

  وفاق المدارس ”حکومتی اجازت“ سے طلبہ کے امتحانات لینے کا اعلان

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی جانب سے 11 جولائی سے ملک بھر میں موجود مدارس میں طلبہ کے امتحانات لینے کا اعلان کردیا گیا۔خیال رہے ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن سے قبل ہی تعلیمی ادارے و مدارس کو بند کردیا گیا تھا جبکہ بعد ازاں حکومت نے انٹر تک کے طلبہ کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم اب ملک میں مدارس کے ایک بہت بڑے نیٹ ورک کی تنظیم وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے ان سے منسلک مدارس میں نہ صرف طلبہ کے امتحانات لینے کا اعلان کردیا بلکہ ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس حوالے سے حکومت کی اجازت حاصل کرلی گئی ہے۔علاوہ ازیں وفاق المدارس کی جانب سے یہ اعلان بھی سامنے آیا کہ عیدالاضحیٰ سے قبل امتحا نات کا سلسلہ مکمل کرکے عید کے بعد تدریسی عمل کے آغاز کیلئے مشاورت جاری ہے۔عربی خبررساں ادارے اردو نیوز کی ایک رپوٹ کے مطابق کراچی میں وفاق المدارس العربیہ کے ترجمان طلحہ رحمانی نے بتایا کہ مذکورہ فیصلہ وفاقی حکومت کی مشاورت کے بعد کیا۔وہ کہتے ہیں کہ وفاق المدارس کے تحت محدود پیمارے پر امتحانات منعقد کیے جاتے ہیں لہٰذا اس دوران ضابطہ کار (یعنی حکومت کے بنائے گئے ایس او پیز) پر عملدرآمد باآسانی ہوتا ہے۔امتحانات کے حوالے سے بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر طلبہ کو ہال یا صحن میں فاصلے سے بٹھایا جاتا ہے اور یہ عمل سماجی فاصلہ قائم رکھنے کے مطابق ہوتا ہے۔حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو بنا امتحان پروموٹ کرنے سے متعلق انتظامیہ وفاق المدارس کا کہنا تھا کہ امتحانات کے بغیر طلبہ کو پروموٹ (ترقی) نہیں کر سکتے۔ادھر انتظامیہ وفاق المدارس کا یہ مؤقف تھا کہ کامیاب طلبہ کو جو اسناد دی جاتی ہیں اس میں یہ گواہی ہوتی ہے کہ طالب علم نے امتحان دیا، جس کے بعد متعلقہ مضامین میں کامیابی حاصل کی تاہم جب امتحان ہی نہیں ہوگا تو پھر یہ سند کیسے جاری کی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے جب سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی سے رابطہ کیا گیا تو ان کی وزارت کی جانب سے یہ بتایا گیا کہ مدارس وفاقی حکومت کے تحت چلتے ہیں جبکہ 18ویں ترمیم میں شعبہ تعلیم صوبائی حکومتوں کو دینے کے باوجود مدارس کا انتظام اب بھی وفاق کے پاس ہے۔

اعلان

مزید :

صفحہ آخر -